سموسوں کی تاریخ اتنی ہی پرانی ہے جتنا کہ بنی نوع انسان۔۔ کہتے ہیں اگلے وقتوں میں کرہ ارض پر دو ہی چیزیں پائی جاتی تھیں ۔۔ایک سموسہ اور دوسرا سندھ کے مشہور وزیر اعلی جو کہ فرعون کے دربار کے سامنے کسی نا معلوم شے کے ساتھ سموسے بنا کر بیچا کرتے تھے۔۔سموسہ ہمیشہ سے ہی زیر عتاب رہا ہے ۔۔کچھ ہماری حکومتوں نے اس بے زبان مخلوق کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا اور کچھ نام نہاد دانشوروں نے اس کے نقصانات گنوا گنوا کر سادہ لوح عوام کو گمراہ کیا۔۔چند نا عاقبت اندیش دانشور تو تمام بیماریوں کی جڑ سموسے کو قرار دیتے ہیں۔۔تمام تر نا مساعد حالات اور بدترین ؐمخالفت کے باوجود سموسہ پوری دنیا کے مرد و خواتین میں یکساں طور پر مقبول ہے۔۔آپ کسی بھی تقریب میں چلے جائیں سموسہ آپ کو معزز مہمانوں کے ساتھ اٹھکیلیاں کرتا ہوا ملے گا۔۔امیر ہو یا غریب گورا ہو یا کالا خالق کائنات اس نعمت کو دیکھ کر مشکل سے ہی ہاتھ روک پاتا ہے۔۔سموسوں کا بغیر چٹنی کے وہی حال ہوتا ہے جو عاشق نامراد کا محبوب کی گلیوں میں یا ایک مشہور کپتان کا ان دنوں اسلام آباد کے ڈی چوک میں ہو رہا ہے۔لہذہ چٹنی فن سموسہ میں ایک خاص اہمیت رکھتی ہے اس کے بغیر سموسہ کھانے سے اجتناب کریں۔