Saturday, 26 November 2016

شکریہ راحیل شریف سے شکریہ راحیل شریف تک

جنرل راحیل شریف نے جب آرمی چیف کی زمہ داریاں سنبھالیں تو اسے ہوا کے تازہ جھونکے سے تعبیر کیا گیا جس کی وجہ ان کا مخصوص خاندانی پس منظر تھا - اگر یہ کہا جائے کہ انہوں نے اپنے خاندانی روایات کی لاج رکھی تو یہ بالکل درست بات ہوگی،  راحیل شریف کی ملازمت کے دوران ملکی حالات میں کئی اتار چڑھاؤ آئے ، کئی دفعہ حالات انتہائی انارکی کی طرف جاتے ہوئے نظر آئے،  لیکن پاک فوج نے نہ صرف پروفیشنل ہونے کا ثبوت دیا بلکہ انتہائی سنجیدگی سے اپنی آئینی زمہ داریاں پوری کرتی بھی نظر آئی، جس کا کریڈٹ بلاشبہ جنرل راحیل شریف کو جاتا ہے ، جب بھی کسی جمہوری ملک میں کسی آئینی ادارے کا سربراہ اپنی مدت پوری کرنے کے بعد خوش اسلوبی سے ٹرانسفر آف پاور کا حصہ بنتا ہے تو اس کے نہ صرف موجودہ ملکی حالات پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے بھی ایک قابل تقلید مثال قائم ہوتی ہے اور دنیا میں بسنے والی دیگر اقوام کو بھی ایک مثبت پیغام جاتا ہے

پاکستان جیسے ملک میں جہاں پے در پے فوجی مداخلت کے باعث ادارے اس طرح مضبوط نہیں ہو سکے جس کا تصور مہذب دنیا میں پایا جاتا ہے ایک سبکدوش ہونے والے آرمی چیف کو اس کے شایان شان الوداع کرنا بلاشبہ ملکی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتا ہے، یہ عمل اس بات کا بھی واضح ثبوت ہے کہ یہ قوم آئین کی پاسداری کرنے والے اور اس کی رکھوالی کرنے والے پاک فوج کے بہادر افسران کو اپنے سروں کا تاج سمجھتی ہے -

جنرل راحیل شریف نے نامصائب ملکی حالات میں بالخصوص 2014 کے دھرنے کے دوران غیر جانبدار رہ کر جو نیک نامی کمائی وہ آنے والے جونئیر اور سئنیر افسران کے لئے ایک روشن باب ہے

دوران ملازمت ہی توسیع نہ لینے کا اعلان کر کے جنرل راحیل شریف نے نہ صرف یہ ثابت کیا کہ وہ  ایک پروفیشنل سولجر ہیں بلکہ شخصیات کے بجائے اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں یہی رویہ قوموں کی تقدیر بنانے کا باعث بنا کرتا ہے

شکریہ راحیل شریف سے شروع ہونے والا سفر ان کے سبکدوش ہونے کے وقت تک شکریہ راحیل شریف ہی رہا جس پر نہ صرف جنرل راحیل شریف بلکہ پوری پاکستانی قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے

Friday, 18 November 2016

کیا عمران خان کے پاس آخری موقع ہے ؟

پانامہ کا ہنگامہ اس وقت اپنے نکتہ عروج پر ہے، گو کہ تحریک انصاف کو اپنے پیش کردہ کمزور ثبوتوں اور ناکافی شواہد کی بنا پر معزز جج صاحبان کے سخت ترین ریمارکس کا نہ صرف سامنا کرنا پڑا  بلکہ شدید خفت بھی اٹھانی پڑی لیکن اس کو کسی فریق کا پلڑا بھاری ہونے سے فی الحال تعبیر نہیں کیاسکتا ..یہ ملکی تاریخ کا واحد کیس ہے جس میں قانون کے طالبعلموں کے سیکھنے کے سوائے لطیفوں کے اورکچھ بھی نہیں.. حامد خان کا اس کیس سے الگ ہو جانا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو کہ تحریک انصاف کے لئے شدید دھچکا ہے ،  ایک ماہر قانون دان جو کہ پارٹی کا فعال رکن بھی ہو اس کا کیس چھوڑ دینا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے بہر حال یہ تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے ،
عمران خان کی نیت پر شبہ نہیں کیا جا سکتا لیکن اہم سیاسی امور پر ان کا غیر سنجیدہ رویہ ان کی سیاسی بصیرت اور فہم و فراست پر گہرے سوالیہ نشان کا باعث ضرور بن رہا ہے، پہلے اسلام آباد لاک ڈاؤن کی کال دینا پھر تین چار دن تک پورے ملک کو ہیجان میں مبتلا کرنے کے بعد اچانک پیچھے ہٹ جانا ان کی جماعت پر لگی یوٹرن کی چھاپ کو مزید گہرا کرنے کا سبب بن چکا ہے
پانامہ کیس میں روا رکھے گئے ان کے غیر سنجیدہ رویے نے جہاں تحریک انصاف کو کمزور کیا وہاں پیپلز پارٹی کے لئے تقویت کا باعث بھی بنتا بھی نظر آ رہا ہے،  جو جماعت 2013 کے انتخابات میں انتہائی خراب کارکردگی کے بعد شدید دباؤ میں نظر آ رہی تھی اب نہ صرف دوبارہ ابھر رہی بلکہ کرپشن کے خلاف بھی خود کو ستی ساوتری ثابت کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہے جس کی وجہ اس پارٹی کے اہم لیڈرز پر کرپشن کے حوالے سے دباؤ کا ایک دم ہٹ جانا ہے، پی پی پی کے رہنما اب ہر ٹاک شو میں اپنی ماہرانہ رائے دیتے نظر آتے ہیں
خان صاحب کو چاہیے بھلے کیس ہار جائیں لیکن کسی بھی پیپلز پارٹی کے وکیل کو ہائر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ ایک کرپشن کی چیمپئین ایسی پارٹی کو ساتھ ملا کر جس کے دور میں حاجیوں تک کو بخشا نہیں گیا کرپشن کے خلاف کیس لڑنا قوم کے ساتھ پانامہ کیس ہار جانے سے بڑا مذاق ہو گا کرپشن کے خلاف خان صاحب کا موقف عوام تک پہنچ چکا ہے،  اب کوئی بھی حکمران کوئی بھی بے نامی جائیداد کسی بھی غیر ملک میں بنانے سے قبل سو مرتبہ سوچے گا، یہی خان صاحب اور ان کی جماعت کی کامیابی ہے رہی عوام تو ان کا حافظہ بہت کمزور ہے - پانامہ کیس کی سیاہی بھی ابھی خشک نہیں ہوگی کوئی نیا ایشو ( جو کہ ایشو ہوگا بھی کہ نہیں ) سر اٹھا لے گا اور سادہ لوح عوام ہاتھ دھو کر اس کے پیچھے پڑ جائے گی
خان صاحب اگر اپنا ووٹ بنک بچانا چاہتے ہیں تو کے پی کے میں اپنی گورنس بہتر بنائیں اور لا یعنی قسم کے بیانات اور خوامخواہ کی کانڑورسیز میں الجھنے سے گریز کریں یہی پاکستان اور ان کے اپنے حق میں نے بہتر ہو گا کیونکہ 2018 کے انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر لڑے جائیں گے

Tuesday, 15 November 2016

کافی کتاب ہوا اور میں

تیری اک نگاہ اور میں
روشن یہ صبح اور میں

جانے کب سےچپ بیٹھے ہیں
کافی کتاب ہوا اور میں

مدھم مدھم شام کا منظر
پاگل باد صباء اور میں

قطرہ قطرہ گرتی رم جھم
آنسو بہاتی گھٹا اور میں

ماتھے پر وہ پھیلے گیسو
کافر وہ  ادا اور میں

ڈھلتی رات نکلتا سورج
آزان کی پہلی صدا اور میں

ہجر تیرے بن کیسے کاٹا
جانے میرا خدا اور میں

کالی رات تیز ہوا
بجھتا اک دیا اور میں

روشن چہرہ سیاہ نقاب
مشرقی حسن حیا اور میں 

بیتی یادیں ٹوٹے سپنے 

غم کا بہتا دریا اور میں 

Thursday, 10 November 2016

امریکی انتخابات اور دیسی میڈیا

امریکی انتخابات پایہ تکمیل تک پہنچ گئے - ڈونلڈ ٹرمپ کسی حد تک اپ سیٹ کرنے میں کامیاب رہے لیکن اسے قطعی طور پر غیر متوقع نتیجہ نہیں قرار دیا جا سکتا، انتخابی دوڑ میں نمایاں امیدوار ہیلری کلنٹن اور ٹرمپ ہی تھے جن میں سے بہر حال ایک نے جیتنا ہی تھا ، یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ نسبتا پروگریسو ووٹر کا رجحان اور میڈیا کے بڑے دھڑے کی ہمدردیاں ہیلری کے ساتھ تھیں سیلیبرٹیز جن میں اداکار اور گلوکار شامل تھے ہیلری کلنٹن کو ہی سپورٹ کر رہے تھے -
سوشل میڈیا پر بھی ہیلری کے حامیوں کی تعداد مخالف امیدواروں سے کہیں زیادہ تھی لیکن پاکستان ہو یا دنیا کا کوئی بھی خطہ سوشل میڈیا پر مقبولیت کی بنیاد پر الیکش جیتنے کا صرف خواب ہی دیکھا جا سکتا ہے حقیقت  اس سے کوسوں دور ہوتی ہے ... خاموش اکثریت نے ٹرمپ کا ساتھ دینا ہی مناسب سمجھا  جس کی وجہ ڈونلڈ ٹرمپ کا خاص بیک گراؤنڈ ہے
دنیا اب بدل چکی  ہے اگر یہ کہا جائے کہ عوام اب اخلاقی اقدار کے بجائے کارپوریٹ ورلڈ کے نمائندوں کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں تو کچھ ایسا غلط نہیں ہوگا،  جس کی واضح مثال سنگین اخلاقی جرائم میں ملوث ہونے کے باوجود نریندر مودی کا بھارت میں انتخاب جیت کر وزیراعظم بن جانا ہے- 
انتہا پسندی کا ہوا بھی صرف مسلم ممالک میں عوام کو ڈرانے کے لئے ہی ہے ورنہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی جیسے انتہا پسند نظریات کے حامل لوگوں کو عوام ووٹ دینے میں عار محسوس نہیں کرتے -
ہمارے حکمرانوں کو بھی اب معذرت خواہانہ پالیسیاں اور رویہ ترک کرنا ہوگا اور ایسا لائحہ عمل اختیار کرنا ہو گا جو معاشرے کے ہر طبقے کے جذبات کا عکاس ہو
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی یہ انتخابات نہ صرف توجہ کا مرکز رہے بلکہ میڈیا بھی بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کی عملی تصویر بنا رہا.. میڈیا کی دیوانگی کا یہ عالم تھا کہ پوری پوری رات کی ٹرانسمیشن کا اہتمام کیا گیا، کم و بیش سبھی چینل ملکی خبروں کو پس پشت ڈال کر امریکی انتخابات کی کوریج کرتے نظر آئے ، حتی کہ یہ خدشہ بھی لاحق ہو گیا تھا کہ کہیں کوئی چینل کسی امریکی ریاست کہ کسی پولنگ بوتھ سے سب سے پہلے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ سنانے کا دعویٰ ہی نہ کر دے
یہ درست ہے کہ امریکہ میں حکومت کی تبدیلی کے پوری دنیا اور بالخصوص پاکستان پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں لیکن پالیسی کے بنیادی خدوخال میں کوئی بنیادی تبدیلی رونما نہیں ہوتی جس کی وجہ پالیسی سازی میں اداروں کا کلیدی کردار ہے
دانشواران کا ایک حلقہ ایسا بھی ہے جو ٹرمپ کے جیتنے پر مستقل حالت سوگ میں ہے  جیسے ہیلری کوئی مسلم یا پاکستانی امیدوار تھیں امریکی صدر کوئی بھی ہو پاکستان کے بارے میں امریکی پالیسی وہی رہے گی جو چلی آرہی ہے -
وقتی طور پر اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے لیکن یہ پالیسی کسی شخصیت کے مرہون منت نہیں ہوتی بلکہ امریکی عوام اور اشرافیہ کے مفادات کے تابع ہوتی ہے
  تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں ایک حد سے زیادہ گرمجوشی نہیں پیدا ہونے دیتا جیسے ہی تعلقات میں بہتری پیدا ہونے لگتی ہے کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ ہو جاتا ہے کہ پاکستان واپس پہلے والی پوزیشن پر پہنچ جاتا ہے اس لئے بننے والی کسی بھی امریکی حکومت سے توقعات وابستہ کر لینا کسی طور بھی درست نہیں

نتائج کا اعلان ہوتے ہی سارے میڈیا میں ہیجان برپا ہو گیا - بجائے اس کے کہ نو نومبر کی مناسبت سے علامہ اقبال کے پیغام اور ان کی فکر کو اجاگر کیا جاتا تمام اینکرز حکومتی اور اپوزیشن نمائندوں کو سامنے بٹھا کر امریکی انتخابات پر گفتگو کرتے ہی نظر آئے ، خدا جانے وہ وقت کب آئے گا جب ہمارے عوام میڈیا اور حکمران انگریزوں سے خوامخواہ متاثر ہونا چھوڑ دیں گے

Tuesday, 8 November 2016

اب سوچتے ہیں کدھر جائیں

‏اب سوچتے ہیں کہ کس نگر جائِیں
کچھ ایسا ہو کہ ہم بھی سنور جائیں

زندہ رہنے کا کوئی جواز بھی نہیں
دل یہ بھی نہیں کرتا کہ مر جائیں

اقرار وفا اب اتنا سہل بھی نہیں ہے
کہ جھٹ سے کریں اور مکر جائیں

شب غم بھی کسی طور ڈھل جائے گی
کیوں نہ آج ہم بھی اپنے گھر جائیں 

 عہد محبت میں کب ہم نے چاہا تھا 
کہ وصل کے دن آئیں اور ٹھہر جائیں 

وفا کا یہ تقاضا بھی بارہا ٹھہرا 
پہنچانے اسے خط خود نامہ بر جائیں 

تیرگی ایسی کہ کچھ نہ سجھائی دے 
تشنگی ایسی کہ پی سمندر جائیں 

دنیا اہل وفا سے کب کی خالی ہو چکی 
سعید چراغ آرزو لے کر ہم کدھر جائیں 

Thursday, 3 November 2016

پاناما کیس اور سیاسی جماعتوں کی زمہ داری

رواں برس مارچ سے شروع ہونے والا پانامہ کا ہنگامہ اب اپنے منطقی انجام کی جانب گامزن ہے- پاکستان تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک اور جماعت اسلامی کی درخواستوں پر سپریم کورٹ نے نہ صرف فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے بلکہ ٹی او آرز بھی طلب کر لئے، ٹی او آرز پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں عدالت اپنے ٹی او آرز کے تحت کاروائی کرے گی - اس سلسلے میں یک رکنی کمیشن بنایا جائے گا جس کو تمام ضروری اختیارات حاصل ہونگے - قانون کی معمولی سی سوجھ بوجھ رکھنے والا شخص بھی سمجھ سکتا ہے کہ جب معاملہ عدالت میں ہو تو اس کے میرٹس کو زیر بحث نہیں لایا جا سکتا ، مہذب معاشروں میں عدالتوں اور معزز جج صاحبان کو ایک خاص عزت و احترام دیا جاتا ہے تاکہ عدالتوں سے متعلق سنجیدگی کا تاثر برقرار رہے - لیکن بد قسمتی سے خان صاحب جس طرح کمرہ عدالت سے باہر آ کر بڑھکیں لگانے لگتے ہیں اس سے سارے عمل پر ایک سوالیہ نشان سا اٹھتا دکھائی دیتا ہے،  جس کا اظہار جج صاحبان نے دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے بھی کیا - خان صاحب اپنے متعدد انٹرویو میں بھی یہ تاثر دیتے ہوئے پائے گئے ہیں کے جیسے سپریم کورٹ بس میاں صاحب کو مجرم قرار دینے ہی والی ہے-
ہر ڈویلپمنٹ کو اپنے حق میں مضحکہ خیز انداز میں بڑھا چڑھا کر پیش کرنا خان صاحب کا وطیرہ بنتا جا رہا ہے اتنی بڑی جماعت جس نے عام انتخابات نصف کروڑ سے زیادہ ووٹس حاصل کیے اس کے لیڈر کو اس طرح کا طرز عمل زیب نہیں دیتا -
جہاں تک خان صاحب کی اس خوش فہمی کا تعلق ہے کہ کوئی فیصلہ آنے سے قبل ہی معزز عدالت کسی عبوری حکم کے زریعے وزیراعظم کو اپنے فرائض منصبی ادا کرنے سے روک سکتی ہے تو ایسا ہوتا نظر نہیں آتا کیونکہ پٹیشنز میں وزیراعظم کو براہ راست فریق نہیں بنایا گیا

وزیراعظم نے اپنا جواب داخل کر دیا ہے اب مقدمے کی کاروائی ان کے صاحبزادوں اور صاحبزادی کے گرد ہی گھومتی نظر آئے گی جس کا جواب انہوں نے سوموار والے دن جمع کروانا ہے - گو کہ یہ بات درست ہے کہ جواب جمع کروانے میں تاخیر پر حکومتی وکلا کو عدالت نے سخت سرزنش کی اور ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اب اگر جواب مقررہ وقت پر داخل نہ کروایا گیا تو پٹیشنرز کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو درست تصور کر لیا جائے گا لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کوئی فریق کمرہ عدالت سے باہر نکلتے ہی اسے اپنی فتح اور حکومت کی شکست سے تعبیر کرنا شروع کر دے جیسا کہ خان صاحب اور ان کے دیگر ساتھیوں نے تاثر دینے کی کوشش کی - پیچیدہ قانونی معاملات ایک یا دو دن کی تاخیر کو معنی نہیں رکھتی، لیکن ایک خاص ایجنڈے کے تحت اس معاملے پر دھول اڑائی جا رہی ہے جس کا حصہ بد قسمتی سے میڈیا کا ایک دھڑا بھی ہے - جس پر بیٹھے چند عقل کل قسم کے اینکرز اپنی خواہشات کو زرائع کا نام دے کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش میں مصروف نظر آتے ہیں، یہاں پیمرا کے کردار پر بھی سوالات اٹھتے ہیں جو سب کچھ دیکھتے ہوئے بھی خواب غفلت سے بیدار ہونے کو تیار نہیں -
صحافتی تنظیموں کو بھی کوئی ضابطہ اخلاق بنانا چاہیے تاکہ صحافت میں غیر جانبداری کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے - خان صاحب کو اور کچھ نہیں تو اپنی اتحادی جماعت اسلامی سے ہی کچھ سیکھ لینا چاہیے جو نہ صرف مقدمے میں فریق ہے بلکہ انتہائی سنجیدگی سے اس سارے معاملے کو سمیٹنے کے لئے باوقار انداز میں کوششیں کرتی بھی دکھائی دیتی ہے - خان صاحب اگر یہ سوچتے ہیں کہ وہ اپنے غیر سنجیدہ رویے سے یا دس بیس ہزار لوگوں کا جتھا اکٹھا کرکے عدالتوں کو دباؤ میں لے آئیں گے تو ایسا نا ممکن ہے - عدالتیں پاپولر اوپینین یا پبلک پرسیپشن پر فیصلے نہیں دیا کرتیں - بحیثیت قوم ہم سب کو یاد رکھنا چاہیے کہ سپریم کورٹ آخری فورم ہے جس پر ملک کے عوام اعتماد کرتے ہیں خدانخواستہ اگر یہ اعتماد متزلزل ہو گیا تو ملک کی بقا داؤ پر بھی لگ سکتی ہے باہمی اختلافات کو انا کا مسئلہ نہ بنانا ہی زندہ قوموں کی پہچان ہوا کرتا ہے

Wednesday, 2 November 2016

لیڈر حضور والا لیڈر

درویش کی آنکھوں سے شعلے نکل رہے تھے، پارہ ساتویں آسمان کو چھو رہا تھا، جسم پر لرزہ طاری تھا،  ایک خونخوار نظر پاس بیٹھے ملنگ پر ڈالی اور سوال داغا .. جانتے ہو میں کیا سوچ رہا ہوں؟  ملنگ سہم گیا کانپتی ہوئی آواز میں بولا " نہیں " درویش کے تن بدن میں آگ لگ گئی، گرجدار آواز میں ملنگ کو للکارا اور دھاڑتے ہوئے بولا تم لوگ احمق ہو،  تم لوگ منافق ہو تم لوگ فاسق و فاجر ہو ،  ایک دن جہنم کا ایندھن بنو گے تم ؟

یہ سامنے جلتا ہوا چراغ دیکھ رہے ہو،  یہ روشنی ہے اور روشنی سات رنگوں کا مجموعہ ہوتی ہے تمہاری اس احمق دنیا کے سارے سائنسدان مل کر بھی آٹھواں رنگ نہ دریافت کر سکے، جانتے ہو؟  میرا کپتان اس روشنی کی مانند اجلا ہے ،  بہتے پانی کی طرح پوتر اور شفاف ہے کوکا کولا کی طرح سب کا پسندیدہ مشروب ہے،  جس دن اس نے اپنے اندر روشنی کا یہ آٹھواں رنگ دریافت کر لیا گھوڑے کی ایڑ لگائے گا اور راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ کو عبور کرتا ہوا افق پر چھا جائے گا -  اس دن اختیارات اس کے غلام اور اقتدار اس کے دربار کی لونڈی ہوگا،  کوئی سپہ سالار اس کو روک نہیں سکے گا

تم جانتے ہو  ؟ دنیا کے سات سروں کو ملا کر موسیقی بنتی ہے یہ کپتان آٹھواں سر ہے جب اس کے اندر چھپا ہوا ساز بجے گا تو طاغوتی قوتیں رفو چکر ہو جائیں گی -  اندھیرا چھٹ جائے گا -
یہ خوشبو کا وہ تیرہواں نوٹ ہے جس کی مہک پورے عالم کو اپنے سحر میں لے لے گی غضب خدا کا تم بد بختوں نے اسے ہی یو ٹرن قرار دے دیا  ؟ کوئی حکمت عملی کوئی پالیسی ہوتی ہے کہ نہیں ؟ بانوے کا وہ معرکہ یاد کرو جب اس مرد جری نے فرنگیوں کو نست نابود کر دیا تھا، جس کے زخم تاج برطانیہ آج تک چاٹ رہا ہے.. کس قلندرانہ شان سے میرا کپتان بنی گالہ میں تیتر اور بٹیر کےمزے اڑا رہا تھا ڈنڈ بیٹھکیں نکال رہا تھا ابھی تعداد 50 تک ہی پہنچی تھی غیبی مدد آ پہنچی اور طاقت کے نشے میں چور فرعونی لہجے میں بولتے حکمران چاروں شانے چت ہو گئے، یہ زندہ معجزہ ہے کپتان کی کرامت کا اور تم لوگوں نے اس مرد قلندر کی شہد کی بوتلیں روک لیں؟  روز قیامت تم لوگ اپنے فسق و فجور کا کیا جواب دو گے؟  یہ کہہ کر درویش نے ملنگ کو ایک زوردار لات رسید کی اور قریب تھا کہ پھونک مار کر دیا بجھا دیتا ملنگ ایک زوردار جھٹکا کھا کر سیدھا ہو گیا اور درویش سے بولا
رسیداں چھڈو
سو روپیہ کڈو