Sunday, 30 October 2016

نہ جنوں رہا نہ پری رہی

خبر اے تحیر عشق سن
نہ جنوں رہا نہ پری رہی
سب کچھ کتنا شانت چل رہا تھا، اپنی وزارت کو لیکر میں چند نئے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے بالکل قریب تھا ، دو تین ملکوں سے کرسیاں گننے کے لئے جدید ٹیکنالوجی درآمد کرنے کے حوالے سے بات چیت قریبا آخری مراحل میں تھی، پوری دنیا اور دونوں شریفوں سے نظر بچا کر آئی ایم ایف کی صدر نے کن سنی میں فنڈز فراہم کرنے کی حامی بھی بھر لی تھی، ملک میں دھرنوں کے حالیہ سیزن کے حوالے سے اپنی حکمت عملی طے کرتے ہوئے عمر شریف کے چند پرانے شوز اور مشہور فلم بٹ تے بھٹی کے ڈی وی ڈیز بھی خرید لی تھیں ... تاکہ بوقت ضرورت خان صاحب پر ٹھنڈی جگتیں مار کر عوام کی توجہ ان فسادیوں سے ہٹائی جا سکے - لیکن کہتے ہیں نہ آدمی کا اور خدا کا ارادہ ایک نہیں ہوتا،  سی پیک کے حوالے سے مخالفین پر دھاک بٹھانے کے لئے میں نے کیا کیا جگتیں نہیں سوچیں تھی لیکن پنڈی والوں کو کچھ اور ہی منظور تھا ، خدا پوچھے گا اس سرل المیڈے سے بندہ کبھی کس حالت میں ہوتا ہے  کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے واش روم کا باہر سے ہی دروازہ بجا کر مجھ سے پوچھا،  استاد جی کڑاکے کڈ دیاں؟  ابھی میں کچھ بولنے ہی لگا تھا کمبخت میری خاموشی کو اقرار سمجھ کر بھاگ کھڑا ہوا، میں نے سوچا منڈا کھنڈا ہے کسی بھارتی فلم پر کوئی مصالحے دار سٹوری چھاپے گا تو اتنے تلخ سیاسی موسم میں کوئی منورنجن کا بندوبست ہو جائے گا لیکن مجھے کیا پتہ تھا کے میری روزی روٹی پر ہی لات کڈ مارے گا، سٹوری پڑھی تو میرے تو ہاتھوں پیروں کے طوطے اڑ گئے رات آنے والا ایک ڈرواؤنا خواب یاد آ گیا جس میں ایک شخص اسلام آباد کے آبپارہ چوک میں سیاہ بوٹ پہنے مجھے کہہ رہا تھا بھاگ پیجے بھاگ ، فورا حضرت صاحب کی خدمت میں پہنچا سارا ماجرا بیان کیا وہ انتہائی شفقت سے پیش آئے چند وظائف بتائے اور کالا بکرا صدقہ کرنے کی تلقین کی اور فرمایا میں صرف انسانیت کی خدمت کرتا ہوں روپے پیسے کا مجھے کوئی لالچ نہ تھا نہ ہے - میں سمجھ گیا اب حضرت صاحب کی خدمت کا ٹائم آ گیا ہے فوری طرف پر سیکرٹ فنڈ والے اکاؤنٹ سے ایک چیک کاٹا اور ان کی واسکٹ کے جیب میں ڈال دیا کیونکہ وہ ایسی نجس چیزوں کو ہاتھ نہیں لگاتے، حضرت صاحب نے نعرہ مستانہ بلند کیا اور میرے کان میں بولے جا بچہ جا تیرا کوئی بال بھی بیکا نہیں کر سکتا،  وہاں سے تسلی و تشفی ہونے کے بعد گھر پہنچا بتائے گئے سارے وظائف " منہ ول آبپارے شریف " کی نیت کر کے ایک ہی سانس میں پڑھ ڈالے اورلئے دل ہی دل میں سوچ لیا کہ اب اگر سزا بھی ملی تو انتہائی ناپسندیدگی کی ہی ملے گی چلو کوڑا گھونٹ بھر ہی لوں گا .....پر کتھوں؟  برق گرتی ہے تو بیچارے سیاہ ستدانون پر 
ٹی وی لگایا تو ایک اینکر اپنے مخصوص انداز میں میٹنگ کی خبر دے رہا تھا میں نے فورا مصلح بچھایا اور ہاتھ دعا کے  اٹھا دیے ، لیکن بہت دیر ہو چکی تھی

Wednesday, 26 October 2016

مورال

درد کی شدت سے اس نے ایک دفعہ پھر آنکھیں بند کر لیں، اسے اپنا دماغ ماؤف ہوتا ہوا محسوس ہو رہا تھا ، پورے جسم سے ٹیسیں اٹھ رہی تھیں، لیکن اس کا جذبہ اب بھی قائم و دائم تھا، اس ملک کے لئے وہ ایسی ہزاروں جانیں قربان کر سکتا تھا - دکھ تھا تو ان مرنے والے معصوم بچوں اور مرد و خواتین کا تھا جو بے گناہ اس خودکش دھماکے میں اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے... سارا منظر اس کی آنکھوں میں کسی فلم کی طرح چلنے لگا، اس کی عمر بمشکل چھبیس سال تھی، محکمہ پولیس جوائن کیے اسے کچھ ہی عرصہ گزرا تھا، سب ٹھیک چل رہا تھا اپنی نوکری سے بھی وہ مطمئین تھا .. ملک میں انتخابات ہونے والے تھے جلسوں جلوسوں کا زمانہ تھا اوپر سے محرم الحرام بھی شروع ہو گیا تھا، بہت سے دوسرے ساتھیوں کے ساتھ اس کی ڈیوٹی بھی ایک عبادت گاہ کے باہر لگ گئی تھی، یہ ایک معمول کا عمل تھا، لیکن اس کی ماں کو بہت فکر تھی جس کا وہ برملا اظہار بھی کرتی رہتی تھی، مائیں تو آخر مائیں ہوتی ہیں، وہ ہر دفعہ یہی کہتا ماں موت تو ہر حال میں آنی ہے اور شہادت مل جائے تو اور کیا چاہیے، ماں اس کو ہر روز سینکڑوں دعاؤں منتوں مرادوں کے ساتھ رخصت کیا کرتی تھی، اس صبح بھی جب وہ ماں کی دعائیں لے کر رخصت ہوا تو اس کا دل قدرے پریشان تھا، لیکن اس نے کچھ خاص توجہ نہ دی اور اپنی ڈیوٹی پر پہنچ گیا، سب کچھ بالکل نارمل تھا اکا دکا لوگ سڑک پر نظر آ رہے تھے،  نماز ظہر کے بعد عبادت گاہ میں آہستہ آہستہ لوگ آ رہے تھے نماز عصر تک پوری عبادت گاہ بھر چکی تھی، پولیس کے علاوہ چند فوج کے جوان بھی عبادت گاہ کی سیکیورٹی پر معمور تھے، کہ اچانک دور کچھ ہلچل سی ہوئی اس سے پہلے کہ کوئی کچھ سمجھتا ایک شخص مجمعے کو چیرتا ہوا عبادت گاہ کی طرف بڑھا اور ایک کان پھاڑ دھماکہ ہوا اور قیامت صغری برپا ہو گئی، جب اسے ہوش آیا تو ہر طرف انسانی اعضا پھیلے ہوئے تھے، چیخ و پکار اور ایمبولینسز کے سائرن کی آواز سے کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی، کسی نے انتہائی بے دردی سے اسے ایمبولینس میں ڈالا اور ہسپتال پہنچا دیا ، اس کی ایک ٹانگ کٹ چکی تھی بازو شدید زخمی تھا اس کے ساتھ ڈیوٹی کرنے والے پولیس اور فوج کے جوان بہادری کی داستانیں رقم کرتے ہوئے جام شہادت نوش کر چکے تھے، جس کا اسے ابھی ہسپتال کے ویٹنگ روم میں ٹی وی دیکھتے ہوئے پتہ چلا، ایک نیوز چینل پر فوجی جوانوں کے لئے اعزازات اور ان کی ملک کے لئے خدمات کی خبر چل رہی تھی جسے شاندار الفاظ میں سراہا جا رہا تھا اسے ایک انجانا سا حوصلہ اور خوشی ملی کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں ہیں بس اسے انتظار تھا اپنے ساتھیوں کے متعلق خبر کا کہ ان کی خدمات اور قربانی کو بھی سراہا جائے تو اسے کچھ قرار نصیب ہو، ابھی وہ سوچ ہی رہا تھا کہ کسی نے چینل بدل دیا
دوسرے چینل پر ایک مشہور سیاستدان اعلان کر رہا تھا
میں پولیس کو اپنے ہاتھوں سے پھانسی دونگا

Tuesday, 25 October 2016

ترچھی ٹوپی والے

سویرے روزمرہ کے معمولات سے فارغ ہونے کے بعد حسب معمول اخبار اٹھا لیا... یہ میری روز کی روٹین تھی، میرا ہمیشہ سے فوکس لڑائی جھگڑے والی خبریں ہی ہوتی ہیں... حتی کہ میں نے اپنے کارکنان کو بھی سختی سے تلقین کر رکھی ہے کہ اپنے ارد گرد نظر رکھیں جہاں کہیں لڑائی مار کٹائی ہو رہی ہو مجھے فوری طور پر مطلع کریں -
اگر ماحول پرامن ہو لڑائی جھگڑے کا چانس نہ ہو تو ایسے حالات پیدا کیے جائیں کہ لڑائی جھگڑا ہو... اس کے  اس کے بعد مجھے اطلاع کریں تاکہ میں صلح صفائی کروا کر ثواب دارین حاصل کر سکوں
اسی سلسے میں مجھے مقامی ناظم کا پیغام موصول ہوا کہ قریبی محلے میں نوجونوں کے دو گروہوں میں جھگڑا ہو گیا ہے ، پیغام ملتے ہی میں نے ایک نظر شیشے پر ڈالی سر پر اپنے مخصوص انداز میں ٹوپی سجائی اور جائے وقوعہ پر پہنچ گیا، تفصیلات سے معلوم ہوا کہ جھگڑا کرکٹ میچ کے دوران ہوا، میں نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو پاس بلایا اور ان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ،  یہ رنز  ، یہ بال  ، بیٹ  ، اور وکٹیں یہیں رہ جائیں گی اصل زندگی آخرت کی ہے ، نوجوان نہ صرف بہت زیادہ متاثر ہوئے بلکہ آئندہ سے کرکٹ جیسی لایعنی سرگرمی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے نعرہ مستانہ بلند کیا اور ہماری جماعت میں شامل ہو گئے ....الحمدوللہ

اس کے بعد گھر پہنچا طبیعت میں عجیب سا جوش اور  ولولہ محسوس ہو رہا تھا - مسلمانوں کی دنیا پر قائم ہونے والی متوقع حکومت کے اغراض و مقاصد اور اس میں اپنے کردار پر سوچ بچار کرنے لگا ...ہمیشہ خواب میں خود کو مسلمانوں کے امیر المومنین کے روپ میں ہی دیکھا، اسی ادھیڑ بن میں ٹی وی کے چینل گھماتے ہوئے نظر نریندر مودی پر جا پڑی، غصے سے میرے تن بدن میں آگ لگ گئی - فوری طور پر  بھارت کے خاتمے اور امت مسلمہ کے غلبے کا روح پرور بیان جاری کر کے پریس ریلیز مقامی اخبار کے دفتر میں پہنچائی -
اس کے بعد طبیعت بوجھل سی محسوس ہونے لگی،  فون اٹھایا اور منور صاحب سے کال ملائی  جن سے شہادت کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو ہوئی... طبیعت ہشاش بشاش ہو گئی..
اس سارے عمل سے فارغ ہونے کے بعد اپنے دفتر کی جانب چل دیا جہاں کچھ زعما میرے منتظر تھے، پہنچنے پر سبھی نے میرا پر تپاک استقبال کیا... دوران گفتگو سب عمائدین نے مالا کنڈ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے پر اتفاق کیا اور اسے عین شرعی عمل قرار دیا....  ماشاء اللہ
اس کے بعد دودھ پتی اور بسکٹس کا دور چلا...رسمی سلام دعا کے بعد   اجازت چاہی اور ائیرپورٹ کے لئے روانہ ہو گیا، اگلے دن مجھے اسلام آباد میں  " عورتوں کے حقوق اور جمہوریت" نامی سیمینار سے خطاب کرنا تھا

Sunday, 23 October 2016

تلسی کا پتی

کہاں تک سنو گے کہاں تک سناؤں
ہزاروں ہی شکوے ہیں کیا کیا بتاؤں
والدہ صاحبہ نے کیا کیا خواب نہیں دیکھے تھے، کیا کیا سپنے نہیں سجائے تھے..لیکن ان ق لیگ والے احمقوں نے ساری امیدوں پر پانی ہی پھیر دیا، سوچا تھا فراغت کے بعد ایک سیاسی جماعت بنا کر شریفوں کے سینے پر ہی مونگ دلتا رہوں گا لیکن " الٹی ہو گئیں سب تدبیریں " والا معاملہ ہی درپیش رہا-  کیا سہانے دن تھے، میرے اقتدار کا سورج سوا نیزے اور چاند اڑھائی نیزے پر تھا، بہار کی آمد آمد تھی مارکیٹ میں نیا نیا 3310 نیلے رنگ میں آیا تھا ..میں سارا دن کمال رغبت سے چائے میں بسکٹ ڈبو ڈبو کر کھایا کرتا تھا اور رنگ برنگی رنگ ٹونز اور ون سونے میسجز سے محظوظ ہوا کرتا تھا، اپنے وڈے چوہدری صاحب سیاہ چشمے والے تو بذریعہ میسج ایسی درفنطنی چھوڑا کرتے تھے کہ میرا باقاعدہ ہاسا ( جی ہاں ہاسا ) نکل جایا کرتا تھا، چھوٹے چوہدری صاحب بھی کسی سے کم نہ تھے جی ہاں وہی آئین وا قانون والے جو مجھے دس دفعہ وردی میں منتخب کروانے والی ٹرک کی بتی کے موجد تھے ہر دفعہ میسج کے نیچے 10 کا ہندسہ لکھ دیتے تھے اور میرا دل بانسوں اچھلنے لگ جایا کرتا تھا، ایک دفعہ تو حد ہی ہو گئی میں نے فرط مسرت سے نکے چوہدری صاحب کا منہ چوم لیا آخخخ یقین مانیں، مجھے ایسی فیلنگ آئی جیسے اچانک میرا پاؤں بھینس کے گوبر میں چلا گیا ہو.. گو کہ ان دنوں میسج پورے پانچ روپے کا ہوا کرتا تھا مگر یہ دونوں بھائی تو میرے عاشق نا مراد بنے ہوئے تھے، انہی جیسا پنڈی کا ایک شیخ بھا تھا جسے آنکھوں کے آگے کھڑی ہوئی بھینس تو نہیں دکھتی تھی لیکن پیشنگوئیاں وہ اگلے پانچ سو سال تک کی کر سکتا تھا، میرے ساتھ اس کی یکطرفہ محبت کا یہ عالم تھا کہ ایک دفعہ زبردستی میرے ہاتھ سے موبائل چھین کر دیوانہ وار بھاگتا ہوا راجہ بازار کی امپیریل مارکیٹ میں گیا اور حامد علی خان کا گانا " مینوں تیرے جیا سوہنڑاں ہور لبھدا نا " بطور رنگ ٹون سیٹ کروا کر لے آیا، بہرحال میں اسے زیادہ لفٹ نہیں کروایا کرتا تھا لیکن لگتا تھا کہ میرا سچا عاشق وہی ہے، سب کچھ بہت اچھا چل رہا تھا راوی، ستلج،  چناب سبھی چین ہی چین لکھ رہے تھے... میڈیا کی بھی میں ہی بلا شرکت غیرے اکلوتی ڈارلنگ ہوا کرتا تھا، میری وہ مشہور زمانہ ( جو کہ اب بدنام زمانہ بن چکی ہے ) سر پر گلاس رکھ کر ناچنے والی پرفارمنس اتنی ہٹ ہوئی تھی کہ میں بے اختیار خود کو کسی تامل فلم کی ہیروئین تصور کرنے لگ گیا تھا، ہر طرف میرے ہی چرچے تھے، رانی مکھر جی سے لے کر عتیقہ اوڈھو اور عتیقہ اوڈھو سے لے رانی مکھر جی تک سب کی زبان پر اس ناچیز کمانڈو کا ہی نام تھا،  لیکن پھر میں نے اوکھلی میں سر دے دیا، چوہدری صاحب اسلام آباد والے جو انتہائی معصوم نظر آتے تھے نے میری ایسی بینڈ بجائی کہ مجھے ناچ گانا اور گلاس وغیرہ سب بھول گئے، وہی جو مجھے روزانہ عشقیہ پیغامات میرے 3310 پر بھیجا کرتے تھے میری مسڈ کالز کو بھی ایزی لینے لگے،  ایک دفعہ میسج کا جواب نہ ملنے پر میں نے وڈے چوہدری صاحب کو باقاعدہ کال ہی کڈ ماری، لیکن انھوں نے میرا نمبر سی ایل آئی پر دیکھنے کے فون صوفی کو پکڑا دیا، صوفی نے مجھے ایسی جدید گالیاں دی کہ میرا جی چاہا کہ نہر والی حویلی کی زمین پھٹے اور میں اس میں دفن ہو جاؤں، خیر چھوڑیں،  مٹی پائیں، اب ہر کوئی عتیقہ اوڈھو جیسا تو نہیں ہوتا کہ دوستی نبھاتا رہے، خدا بھلا کرے ہر عید شب برات پر مجھے مشروب مغرب کا تحفہ دینا نہیں بھولتی، اب تو صہبا بھی اعتراض نہیں کرتی، اسے بھی معلوم ہے کمانڈو صاحب مسڈ کال ہے دے سکتے ہیں بیلنس تو کب کا مکا بیٹھے
تو صاحبو، اقتدار بہت ہی " کتی " چیز ہے جب یہ چھن جاتا ہے تو اپنے بھی جگت بازی پر اتر آتے ہیں، ابھی پرسوں کی بات ہے ساتھ والے ڈیوڈ صاحب کا بیٹا ہنری اپنے وڈے تائے ولیم کے ساتھ آیا اور اپنی سالانا خاندانی گدھوں کی ریس کا دعوت نامہ دے گیا، چونکہ فراغت کے دن تھے میں نے بھی حامی بھر لی عین ریس سے آدھا گھنٹہ قبل میں نے صہبا سے کہا کہ کوئی ولائتی قسم کی پتلون استری کر دو فرنگیوں کے ہاں دعوت پر جانا ہے، یہ سنتے ہی تنک کر بولی... رہنے ہی دیں چلا تو جاتا نہیں ریس کیا خاک لگائیں گے،  کم بخت سارا شہر ہی خواجہ سیالکوٹی بن چکا ہے
ایک نجی تقریب میں دو چار سٹیپ کیا کر لئے بریکنگ نیوز ہی بن گئی ، اتنے تواتر سے لوگ ڈاکٹر کی تجویز کی ہوئی صبح دوپہر شام کی دوائی نہیں لیتے جس باقاعدگی سے ہر چینل پر میرے کلپ چلنے لگے، وہ تو شکر ہے میرا غیرت سے کوئی خاص لینا دینا نہیں ورنہ میرا کوئی بھائی مجھے بھی " پھڑکا " چکا ہوتا.. ویسے میں ڈرتا ورتا کسی سے نہیں
کچھ گلہ مجھے سوشل میڈیا سے بھی ہے ، ایک فرضی کردار جینا پر ہی ٹرینڈز بناتے رہے کمبخت  کے اس کے ماں باپ نہیں ہیں،  اپنا یہ معصوم کمانڈو بن ماں باپ کا بچہ جو پاکستانی جیلوں میں سڑتا رہا ان کو نظر نہ آیا
بس اس ساری گفتگو کا لب لباب یہ ہے کہ مرنے کے بعد تلسی کا پتی تو لوٹ سکتا ہے لیکن کسی کا کھویا ہوا اقتدار کبھی واپس نہیں آتا

Friday, 21 October 2016

شہرہ آفاق مصنفہ

وہ شہرہ آفاق مصنفہ

جو نظمیں لکھتی تھی

غزلیں کہتی تھی

دنیا کے دکھوں پر کڑھتی تھی

لیکن اس کے درد کو

اس کے دکھ کو

یہ دنیا نہ سمجھ پائی

اور وہ منوں مٹی تلے

اپنے درد چھپا کر

اپنے غم سمیٹ کر

ابدی نیند سو گئی

Saturday, 15 October 2016

صحافی کی ڈائری

نوجوان نے پیکٹ میں پڑا ہوا آخری سگریٹ نکالا ، اسے سلگایا... ایک لمبا کش لیا،  ٹشو سے منہ صاف کیا اور سامنے پڑے ہوئے میز پر زوردار مکہ مارا اور تقریبا چیختے ہوئے بولا... یہاں جمہوریت نہیں چل سکتی،  میں نے بمشکل خود پر قابو پایا،  اپنی کھلی ہوئی آستین سے تقریبا بہہ نکلنے والی رال کو صاف کیا اور پوری قوت برداشت ایک نکتے پر مجتمع کرتے ہوئے جواب داغا،  کیوں؟  نوجوان غصے سے لرزنے لگا، میں سمجھ گیا اب یہ کوئی انتہائی نازیبا قسم کی گالی بکے گا ، لیکن نوجوان نے عجیب حرکت کی، وہ مسطتیل کمرے, کے چوبی فرش پر عجیب و غریب انداز میں کسی شعبدہ باز کی طرح آلتی پالتی مار کر بیٹھ گیا، میرا رنگ سبزی منڈی میں بکنے والے ٹماٹر کی طرح سرخ ہو چکا تھا، قریب تھا کہ میں نوجوان کو دولتی رسید کر دیتا نوجوان نے جیب سے ہلکے سفید رنگ کا سفوف نکالا اسے ہتھیلی پر انڈیلا اور انتہائی غصیلی آواز میں بولا،  تم جانتے ہو آج اس ملک کے پوڈریوں کو اصل ہروئین اور ٹالکم پاؤڈر کی پہچان کیوں نہیں رہی؟ میں نے سوالیہ نظروں سے اس کی طرف دیکھا... نوجوان نے لمبی سانس لی دھویں کا مرغولہ بنایا اور بولا اس کی وجہ جمہوریت ہے، اس جمہوریت نے لوگوں کو اصل اور نقل کی تمیز ہی نہیں رہنے دی، اس نام نہاد جمہوریت میں جابجا آمریت کے پیوند لگے ہیں، وزیراعظم بادشاہت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے،  یہاں حکمرانی کا واحد کرائی ٹیریا بدمعاشی اور اثر و رسوخ ہے،  غضب خدا کا جس ملک میں وزیراعظم لکھی ہوئی تقریر پڑھتا ہو، تین تین پلیٹیں آلو گوشت کی کھا جاتا ہو،  گولڈن ایمبرائیڈری کے تولیے سے منہ پونچھتا ہو اس ملک میں جمہوریت کیونکر پنپ سکتی ہے؟ جمہوریت درحقیقت وہ تھکی ہوئی شراب ہے جس کو پی کر نشہ بھی نہیں چڑھتا لیکن انسان دوسروں کو پھر بھی ٹھڈے مارنے لگتا ہے ...  یہ سننا تھا کہ میری قوت برداشت جواب دے گئی، میرے نتھنوں سے دھواں اور آنکھوں سے شعلے نکلنے لگے، میں نے نوجوان پر فیصلہ کن نظر ڈالی اور با آواز بلند اس سے مخاطب ہوتے ہوئے بولا،تم جانتے بھی ہو کس کو جمہوریت کا سبق پڑھا رہے ہو؟  میں اس ملک کا وہ صحافی ہوں جس کا کالم پڑھتے ہوئے لوگ پلکیں جھکانا بھول جاتے ہیں،  جس کا کالم پڑھتے ہوئے لوگ سوئچ میں بجائے پلگ لگانے کے اپنی انگلیاں ٹھونس دیتے ہیں،  میں اپنی فیلڈ کو وہ شاہد آفریدی ہوں جو روزانہ 37 گیندوں پر سنچری بناتا ہے اور تم مجھے یعنی مجھے جمہوریت کا سبق پڑھاؤ گے؟ میں وہ صحافی ہوں جس کی سیلفی دیکھ کر لوگ ایلفی کی طرح اسی جگہ چپک جاتے ہیں دنیا کی آدھی سے زیادہ کافی شاپس کے ویٹر مجھے براہ راست جی ہاں براہ راست میرے نام سے جانتے ہیں، میں وہ شخص ہوں جس نے سب سے پہلے وزیراعظم کے صاحبزادے کی ہر وقت وضو میں رہنے والی خبر بریک کی تھی میں ہی وہ پہلا اینکر تھا جس نے شاہزیب خانزادے جیسے زیرو واٹ کے بدمعاش کو ناکوں چنے چبوا دیے تھے ، میں ہی وہ پہلا شخص ہوں جس نے کمرے میں 16 درجے پر اے سی چلا کر  گھوڑے کی کھال سے بنے صوفے پر بیٹھ کر کیوبا کا نفیس سگار پی کر مردانہ ماحول تخلیق کرنے کا کامیاب تجربہ کیا تھا.. یہ کہہ کر میں نے میز کو ایک زوردار لات رسید کی اور کمرے سے باہر نکل آیا

وہ ہفتہ کیسا رہے گا

ہفتہ

آپ کی طبیعت بہت ہشاش بشاش ہوگی اور کیوں نہ ہو آپ کا اخلاقی وزیراعظم اعظم سے شروع ہونے والا سفر حقیقی وزیراعظم بننے  کے قریب تھا، ناشتے وغیرہ سے فارغ ہونے کے بعد آپ الماری میں ٹنگی ہوئی شیروانی کا بطور خاص جائزہ لیں گے اور سب سے نظر بچا کر زیب تن کر کے اپنا تنقیدی نظروں سے تعریفی جائزہ بھی لیں گے، سیلفی لینے کا خیال یہ سوچ کر جھٹک دیں گے کہ لوگ کیا کہیں گے

اتوار

آج کے دن آپ خود کو مزید تر و تازہ اور منزل کے ایک قدم مزید قریب محسوس کریں گے، گذشتہ روز کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے نہ صرف اپنی حلف اٹھانے کے بعد کی تقریر لکھیں گے بلکہ تھوڑی بہت ریہرسل بھی کریں گے - ایک دو سطریں زبانی یاد کرنے کی کوشش بھی کریں گہ لیکن جلد ہی آپ کو احساس ہوگا کہ " وہ ولولے کہاں وہ جوانی کدھر گئی "

سوموار

آج آپ کی طبیعت کچھ بوجھل ہو گی، جس کی ایک وجہ تو پیٹ میں اٹھنے والے مروڑ ہونگے جبکہ دوسری وجہ گذشتہ رات آپ کو آنے والا ایک ڈراؤنا خواب ہوگی جس میں آپ خراماں خراماں سیاہ رنگ کی اچکن پہنے اسمبلی میں داخل ہوتے ہی ہیں کہ آپ کی ملاقات خواجے سیالکوٹی سے ہو جاتی ہے  جو کہ آپ کے استقبال کے لئے بمعہ اپنی مشہور زمانہ جگتوں کے وہاں موجود ہوتا ہے. اس دن بہتر یہی ہے کہ آپ اے ٹی ایمز میں سے کسی ایک مشین کو کال کریں اور کچھ فنڈز طلب کر کے نذر و نیاز اور صدقہ وغیرہ کر دیں

منگل

آج کے دن آپ کیفیت ملی جلی ہو گی یعنی ففٹی ففٹی، دوسرے لفظوں میں بقول انکل سرگم،  آپ خود کو،  آدھے گنجم آدھے بالم
           آدھے چٹم آدھے کالم
محسوس کر رہے ہونگے اسی کیفیت میں آپ ناشتے کے لئے تشریف لے جائیں گے ٹیبل پر ابھی بیٹھے ہی ہونگے کہ آپکی نظر سامنے پلیٹ میں پڑے ہوئے بند پر پڑے گی ایک دم آپ کے اندر جذبہ اسلام آباد  بند پوری طرح جاگ اٹھے گا اور آپ خود کو توانا محسوس کریں گے  ( وہ والا توانا نہیں جس کا ذکر مشاہد اللہ خان نے کیا تھا )فوری طور اپنے موبائل سے بند کی فوٹو لیں گے اور اس کو اپنے فون پر بطور وال پیپر سیٹ کر کے شہر کے دورے پر نکل جائیں گے، مختلف بیکریوں کا دورہ کرنے کے بعد آپ کو خاصا اطمینان ہوگا کہ عوام بند خریدنے میں خاصی دلچسپی کا مظاہرہ کر رہی ہے دل ہی دل میں آپ بند کو اپنی سیاسی جماعت کا آفیشل کھابہ قرار دینے کا فیصلہ کر لیں گے -

بدھ

آج چونکہ گوشت کے ناغے کا دن ہے اس لئے آپ شاہی باورچی جسے آپ ہمیشہ وزیراعظم ہاؤس میں اپنے ساتھ ہی تصور کرتے ہیں کو لنچ کے لئے کالی دال تیار کرنے کا حکم دیں گے اور ساتھ ہی پیلی حویلی والے اپنے دوست رشید بٹ کو جو کہ اکثر نام کے ساتھ شیخ لگائے پھرتا ہے کو فون کر کے لنچ پر نئی بننے والی حکومت کے خد و خال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے مدعو کریں گے، دوران لنچ شرارت سوجھنے پر ایک پرانی ویڈیو موبائل پر آن کر دیں گے جس میں کسی چپڑاسی کا ذکر ہوگا   رشید بٹ صاحب کا رنگ سرخ ہو جائے گا لیکن وہ اپنے آپ کو سنبھالتے ہوئے آپکو ایک وہ والا جوک  سنائیں گے جس سے آپ کا دھیان کہیں اور لگانے میں وہ 99.9 فیصد کامیابی حاصل کر لیں گے

جمعرات

آج آپ اپنے آپ کو بہت اینرجیٹک محسوس کر رہے ہونگے ایسے ہی جیسے آپ نے سٹنگ کا پورا کریٹ چڑھا لیا ہو ایک انجانی خوشی آپ کی نس نس میں سما چکی ہو گی آپ پورے گھر میں اٹھکیلیاں کرتے ہوئے گھوم رہے ہونگے، ایک فیصلہ کن قسم کی نظر اپنی ٹنگی ہوئی سیاہ رنگ کی شیروانی پر ڈالیں گے اور تقریب حلف برداری کے لئے مہمانوں کی لسٹ مرتب کرنے میں مصروف ہو جائیں گے، آپ کی کفیت ہو بہو اس نئے نویلے دلہے والی ہوگی جس کی رات میں مہندی اور صبح بارات ہو

جمعہ

آج تو آپ کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہو گا، صبح صبح غسل کرتے وقت آپ کی وہی کیفیت ہوگی جو کسی دلہے کی گھڑولی والے پانی سے نہاتے ہوئے ہوتی ہے اس سارے عمل سے فارغ ہونے کے بعد آپ اپنے ان مخالفین کی لسٹ مرتب کریں گے جن کو آپ نے وزارت عظمی کا حلف اٹھانے کے بعد بوساطت اللہ دتہ پانجا لگوانا ہے اس کے بعد آپ کو ایک پرائیویٹ نمبر سے کال موصول ہوگی اور آپ مشن " اسلام آباد بند " پر روانہ ہو جائیں گے

Thursday, 13 October 2016

بھائی شعیب صاحب

بہن بھائیوں میں گو کہ ان کا نمبر چوتھا تھا لیکن گھر میں ان کو ایک بزرگ کی سی حیثیت حاصل تھی - ڈور بیل بج رہی ہو یا فون کی گھنٹی ان پر کسی قسم کا کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا تھا،  گھر میں کوئی مہمان آ جائے یا گھر والوں نے کہیں جانا ہو،بھائی شعیب صاحب،  کوئی وی کم ہووے مینوں نئیں دسنا.... کی عملی تصویر بنے ہوئے ہوتے ہیں.سوشلائزنگ کرنے کا تو بھائی صاحب کو بچپن سے ہی شوق ہے ایم ایس سین میسنجر پر بھی انہوں نے کوئی ڈیڑھ سو کے قریب مستورات کو ایڈ کر رکھا تھا. پھر اللہ کے فضل و کرم سے فیس بک کا دور آگیا …موصوف مستورات کو ثواب سمجھ کر Friend requests بھیجا کرتے تھے, اب تو یہ عالم ہے کہ سوائے واش روم جانے کے انھوں نے اپنی ہر سٹوری snap chat پر عوام کی سہولت کے لئے مہیا کر رکھی ہے ، بھائی صاحب میں ایک خوبی اور بھی پائی جاتی تھی اپنی بات کو حرف آخر سمجھنے میں موصوف خاص ید طولیٰ رکھتے ہیں اپنی عزت اپنے ہاتھ ہوتی ہے ان کا مخصوص محاورہ ہے جسے وہ کسی بھی قسم کی بحث میں لاجواب ہونے کے بعد بہت ہی شد و مد سے بولتے نظر آتےہیں

Wednesday, 12 October 2016

بے بی کو پھڈا پسند ہے

پچھلے چند سالوں کی طرح اس بار بھی اسے نمبرون قرار دیا گیا تھا، اپنے ہم عصر ساتھیوں کے گھروں میں دخل دینے میں اسے خاص ملکہ حاصل تھا،کس کی کوئی چیز کہاں پڑی ہے کون کب کہاں آتا جاتا ہے اس کی نظر سے کچھ بھی پوشیدہ نہیں تھا - اپنے کام میں مہارت کا یہ عالم تھا کہ کوئی پڑوسی کیا منصوبہ بندی کر رہا ہے اس کا شاطر زہن فوری طور پر بھانپ لیتا تھا اور ایسی منصوبہ بندی ہوتی کہ لوگوں کے کانوں سے باقاعدہ دھواں نکلنے لگ جاتا تھا، ہاں اسے اگر کچھ نہیں پتہ تھا تو وہ اپنا گھر تھا، پورے گھر میں جا بجا کوڑا کرکٹ پھیلا ہوا تھا ، ہر جگہ گندگی کے ڈھیر، ہر جگہ کیڑے مکوڑوں نے شورش برپا کر رکھی تھی،  نہ مشرقی حصہ محفوظ تھا نہ مغربی،  کہیں کاکروچوں نے ٹھکانے بنا رکھے تھے تو کہیں چوہوں نے نو گو ایریاز قائم کر رکھے تھے، 2 تاریخ کو تو حد ہو گئی دور کسی محلے سے چند افراد دندناتے ہوئے آئے اور اپنی مرضی کا سامان لے کر رفو چکر ہو گئے جبکہ نمبر ون صاحبہ کھسیانی سی ہنسی ہنستے ہوئے صرف اتنا کہہ کر جان چھڑا گئیں کہ سوری میں کنڈی لگانا بھول گئی اور ویسے بھی قصور ان حملہ آوروں کا تھا جنہیں کچھ تو خیال کرنا چاہیے تھا کہ کسی کے گھر میں ایسے نہیں گھستے، کہنے کو تو یہ ان  کا اپنا گھر ہے لیکن باقی مکینوں کو یہ فالتو فنڈ ہی سمجھتیں ہیں،  غصہ تو ان کی ناک پر دھرا رہتا ہے... زرا سی بات ہوتی نہیں کہ ان کی حساس طبیعت کی قوت برداشت جواب دے جاتی ہے... اور محترمہ مخالفین کو زدوکوپ کرنے سے بھی نہیں چوکتیں،  جو چاہے ان کا حسن حکومت ساز کرے

Monday, 10 October 2016

بے بی بھٹو زرداری کی ڈائری کا ایک ورق

صبح ہی سے طبیعت بہت بے چین تھی،ایک تو  میرا فیورٹ چینل رک رک کر آرہا تھا جس سے میرے پسندیدہ کارٹون پروگرام کا مزہ کرکرا ہوگیا تھا دوسرا کینڈی کرش کا یہ والا لیول کلیئر ہو کر ہی نہیں دے رہا تھا،اب آپ خود سوچیں اگر لیول کلئیر نہ ہوا تو میں اپنے دوستوں کو کیا منہ دکھاؤں گا - اسی سوچ میں گم تھا کہ فون کی گھنٹی بج اٹھی ، دوسری طرف خورشید شاہ انکل تھے جو کسی یوم تاسیس کا ذکر کر رہے تھے،  خدا جانے یہ اردو زبان اتنی مشکل کیوں ہے مجھے سیدھی بات سمجھ نہیں آتی اور انکل یوم تاسیس پر تقریر کرنے کا کہہ رہے تھے،  چلو تقریر تو بندہ کسی نہ کسی طرح کر ہی لے لیکن وہاں جو میوزک بج رہا ہوتا ہے اس سے میرے اندر تقریر کی جگہ کسی اور طرح پرفارم کرنے کا جذبہ جاگ اٹھتا ہے، بہر حال حامی بھرنی ہی پڑی،  اگلی کال اعتزاز احسن انکل کی تھی،  جو پتہ نہیں کسی جاسوس کے حوالے سے نواز انکل کے خلاف کوئی مذمتی بیان جاری کرنے کا کہہ رہے تھے،  اب بندہ پوچھے بھئی آپ اس جاسوس (کیا نام تھا بھلا اس کا ) ہاں کلبھوشن کے مامے لگتے ہیں جو ہر وقت پٹ سیاپا ڈالا ہوا ہوتا ہے؟  پر ڈیڈی نے بھی ان انکلز کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ویسے آپس کی بات ہے ڈیڈی اب کچھ اور کر بھی نہیں سکتے - ابھی اسی بارے میں سوچ رہا تھا کہ شیریں رحمان آنٹی کی کال آ گئی،  ان کی مجھے آج تک سمجھ نہ آ سکی،  سی ای سی کی میٹنگ میں اکثر ان کا دھیان کہیں " اور " ہی ہوتا ہے ، چلیں چھوڑیں ہم بچوں کا ایسی باتوں سے کیا لینا دینا -
اب کچھ ذکر عمران انکل کا ہو جائے،  عجیب عادتیں ہیں انکی مجھے تو کبھی کبھی لگتا ہے کہ مجھ سے کسی جونئیر کلاس کے سٹوڈنٹ ہیں،  یقین کریں اتنی بے چینی سے میں کسی کارٹون پروگرام کی اگلی ایپیسوڑ کا انتظار نہیں کرتا جس بے چینی سے عمران انکل وزیراعظم بننے کا انتظار کر رہے ہیں،  میں تو جب بھی ان کی پریس کانفرنس(جو کہ مجھے مجبورا دیکھنی پڑتی ہے).... دیکھتا ہوں تو کچھ بھی سمجھ نہ آنے کے باوجود ان کی شکل دیکھ کر ہی میرا ہاسا نکل جاتا ہے ، میں تو دوستوں کو بھی کہتا ہوں کہ ہر وقت کارٹون نیٹ ورک یا کوئی اور کارٹون چینل دیکھنے کے بجائے کسی وقت الطاف انکل یا عمران انکل کی تقریر سن لیا کریں بہت آسم فیلنگ آتی ہے

Saturday, 8 October 2016

میاں جی کا ان باکس

صبح صبح بیڈ ٹی کے ساتھ تین عدد کلچے کھانے کے بعد جب آنکھیں کھلیں تو نظر سیدھی موبائل پر جا پڑی ، جس پر مختلف قسم کی روشنیاں جل بجھ رہی تھیں - شہباز صاحب خدا جانے کون سے بازار سے ہول سیل ریٹ پر چھ عدد ٹچ اسکرین موبائل خرید لائے تھے جس میں سے ایک مجھے تھما دیا،  میں نے کہا بھی مجھے اس کی ککھ سمجھ نہیں لگتی ابھی کل ہی کی بات ہے کسی شوقین بچے نے رنگ ٹون کی جگہ پر نصیبو لال صاحبہ کا گانا " دودھ مکھناں دی پلی " سیٹ کر دیا ابھی میں انجوائے کرنے کا سوچ ہی رہا تھا کہ کلثوم صاحبہ آگئیں اور مجھے بڑی عجیب سی فیلنگ ہوئی ،  لیکن وہ بضد رہے اور بولے بھائی صاحب آپ نے کون سی لوگوں کو کینڈی کرش کی درخواستیں بھیجنی ہوتی ہیں اس کو 3310 ہی سمجھیں،  شہباز بھائی بھی جگت لگانے سے باز نہیں آتے،  بہرحال اسکرین پر سجے کھبے انگلیاں پھیرنے کے بعد میسج کھل ہی گیا جو طلال چوہدری صاحب کا تھا،  کسی بھی چینل پر طبیعت صاف کروانے کے بعد (جو کہ اپنے تئیں ان کا کارنامہ ہوتا ہے)  وہ مجھے ضرور میسج کرتے ہیں لکھا کہ میاں ساب فکر نہ کریں ہم ہیں نہ آپ کا دفاع کرنے ....میں نے دل ہی دل میں کہا کہ جس طرح کا دفاع آپ اور عابد شیر علی کرتے ہو جلد ہی مجھے ہدوانوں کیریڑھی لگانی پڑ جائے گی، بہرحال ایک سمائلی والی ایموجی بنا کر میں نے ریپلائی کردیا - اگلا میسج پتر حسین کا تھا ولائیت سے،   بڑا ہی نیک بچہ ہے جیسا کہ جوید چوہدری نے آپ کو بتا رکھا ہے کہ ہر وقت وضو میں ہی رہتا ہے، لکھتا ہے ابا جی فوری طور پر وضو کے لئے دو لوٹے دو عددد سفید ٹوپیاں اور ایک چوڑی دار پاجامہ بھجوا دیں، میرا تو تراہ ہی نکل گیا کیونکہ میں پاجامہ کو پانامہ پڑھ گیا ، سنبھلنے پر اوکے کا جواب دے کرابھی بیٹھا ہی تھا کہ اسحاق صاحب کا میسج آ گیا،  بیبے بندے ہیں ضربیں تقسیمیں کر کے مجھے اکانومی پر کچھ سمجھا رہے تھے میں نے اتنا ہی لکھا ڈار ساب اے تواڈے ہی کم نے تسی ہی جانڑو

Wednesday, 5 October 2016

کپتان کی ڈائیری

حسب معمول آج جب دوڑ لگانے کے بعد اپنے کمرے میں پہنچا تو شیدے کا وہی گھسا پٹا واہیات سا میسج آیا ہوا تھا ، میرے فون پر جو وہ پچھلے تین سال سے مجھے بلا ناغہ بھیج رہا ہے - لیکن ہے کمبخت پر پرانی بوٹی ہر دفعہ میسج کے نیچے وزیراعظم خان صاحب لکھ دیتا ہے جس سے آپ کے بھائی کی طبیعت ہشاش بشاش ہو جاتی ہے ، ایک دفعہ تو حد ہو گئی ، کہنے لگا یار خان ۔۔۔ واٹر پروف گھڑی میں پانی تو جا سکتا ہے ، بلٹ پروف گاڑی کو گولی وج سکتی ہے پر تیرے بھائی کوبستی مسوس نئیں ہو سکتی ، وہ دن اور آج کا دن آپ کے بھائی نے وہ بات پلے باندھ لی ، دیکھیں آج خدا نے کدھر پہنچا دیا ہ مجھے یہ ساری مت مجھے شیدے بھائی نے دی ہے اللہ اس کا بھلا کرے  ٹر
دوسرا میسج ٹریکٹر ٹریکٹر ٹرالی کا تھا ،اللہ پوچھے اس خواجے سے کمبخت نے ایسی جگت ماری کے سمجھ آنے پر ہنس ہنس کر لوٹ ٹ ہو گیا میں ، اب ہندؤں والی جگت ہی دیکھ لیں ابھی میں ہنس ہی رہا تھا کہ مودی پائین کا فون آ گیا ، چھوٹتے ہی بولے یار خان اے خواجہ تے سانوں وی پے گیا جے ، میں نے دل ہی دل میں کہا جس طرح کی سرجیکل سٹرائیکس آپ کر رہے ہیں لوگ جگتیں تو کریں گے ہی ، بہر حال مشکل سے مودی جی کو تسلی دی۔ ہاں تو میں کیا کہہ رہا تھا کہ آپا مزاری نے اپنا وہی رونا رویا کہ خان ساب پھر بجلی کا بل زیادہ آ گیا ہے اور عابد شیر علی کا تو پتہ ہی ہے آپکو - تیسرا اور آخری میسج سرفراز کا تھا جی وہی  اپنا ٹوینٹی والی ٹیم کا کپتان ، اس کو بھی خواجے کی ہوا لگ گئی ، کمبخت ٹپس نہ دینے پر میرا شکریہ ادا کر رہا تھا ، اس کو پتہ نہیں کہ وزیراعظم بن کر میں اس کا کیا حال کروں گا
اچھا تو باقی ڈائیری پھر لکھوں گا ابھی ایک پریس کانفرنس کا ٹائم ہو گیا