Tuesday, 27 December 2016

ہدایت نامہ برائے شوہر حضرات

1  جب بھی گھر آئیں تمام سوشل ایپس مثلا   ٹویٹر،  فیس بک، انسٹاگرام وغیرہ سائن آوٹ کر کے آئیں

2  گھر پہنچتے ہی موبائل اگر چارج بھی ہو تو بیگم کو دیں اور چارجنگ پر لگانے کا کہیں،  اس طرح بیگم آپکو نہایت شریف شوہر تصور کرے گی اور آپ پر شک نہیں کرے گی

3   بیگم کے ساتھ بیٹھ کر ڈرامہ ضرور دیکھیں لیکن کسی اداکارہ کی تعریف کرنے سے گریز کریں اور وقتاً فوقتاً بیگم کے ذوق کی تعریف بھی کرتے رہیں

4.  موبائل پر آنے والے کسی بھی joke پر زیر لب مسکرانے سے ہمیشہ گریز کریں بلکہ با آواز بلند قہقہہ لگائیں

5  کوئی بھی خفیہ میسج یا کمنٹ کرنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنا لیں کہ آپ کی پشت دیوار کی طرف ہے بصورت دیگر بیگم صاحبہ پیچھے سے یہ کاروائی براہ راست دیکھ سکتی ہیں جو کہ آپ کی صحت کے لئے خاصا ہنی کارک بھی ہو سکتا ہے

6  بیگم کے پکائے ہوئے کھانے کی حتیٰ کہ بنائے گئے قہوہ کی بھی دل کھول کر تعریف کریں

7  کوئی بھی خفیہ ڈی ایم،  انباکس،  وٹس ایپ کرنے کے بعد نہ صرف ایپ کو اچھی طرح سے بند کریں بلکہ میسج کو ڈیلیٹ کرنے کے بعد کم از کم پانچ دفعہ تسلی کریں

8. ہر آدھے یا ایک گھنٹے کے بعد بیگم صاحبہ کا ( بغیر وجہ کے ) کہ شکریہ ادا کرنا نا بھولیں

9  دو موبائل زیر استمعال ہونے کی صورت میں کوئی بھی ایپ دونوں فونز پر بیک وقت سائن ان کرنے کی غلطی ہرگز نہ کریں ورنہ کسی دن ایک فون بھی غلطی سے گھر رہ گیا تو آپ کے کے کرتوت سامنے بھی آ سکتے ہیں اور باقی عمر آپکی محض اقوال زریں ٹویٹ کرتے بھی گزر سکتی ہے

10  خاتون خانہ اگر کسی خاندانی تقریب میں بمعہ بچوں کے اکیلی مدعو ہوں تو سجدہ شکر بجا لائیں لیکن دھیان رہے کہ اس کی بھنک زوجہ کو نہیں پڑنی چاہیے بلکہ رونی سی صورت بنا کر جلدی واپس آنے کا کہیں اس طرح نہ صرف وہ ہنسی خوشی جائیں گی بلکہ سکون سے پوری تقریب اٹیند کر کے واپس آئیں گی

Thursday, 8 December 2016

دنیا کے اے مسافر منزل تیری قبر ہے

زبانیں کنگ اور الفاظ گم ہیں،   چترال سے اسلام آباد آنے والی فلائیٹ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گئی  ، کسی کا بھائی بچھڑ گیا تو کسی کا بیٹا،  کسی کا سہاگ اجڑ گیا تو کسی کے ماں باپ دونوں اس دنیا سے رخصت ہو گئے  طبعی اموات کتنی ہی قریبی اور آہم شخصیات کی کیوں نہ ہو صبر آ ہی جاتا ہے لیکن حادثاتی موت کسی غیر کی ہی کیوں نہ ہو دلوں کو چیر کر رکھ دیتی ہے اور حادثاتی موت بھی ایک ایسے شخص ایک ایسے مبلغ دین کی جس نے عین بام عروج پر شوبز کی چکا چوند کو خیر باد کہہ دیا،  بھرا ہوا میلہ چھوڑ دیا ،  دو دہائیوں تک عوام کے دلوں پر راج کرنے والا جنید جمشید جب ایک پاپ سنگر سے انسانیت کی فلاح والے مذہب کا داعی بن گیا تو عوام نے اسے بے پناہ پذیرائی بخشی،  اسے اپنا آئیڈیل بنایا
لوگوں کے ڈرائینگ رومز سے لے کر موبائل میں بجنے والی رنگ ٹونز اور کالر ٹونز تک جنید جمشید کی پڑھی گئیں حمد اور نعتیں ہی سنائی دینے لگیں جب ان کی اچانک موت کی خبر الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر پہنچی ہر آنکھ اشکبار ہو گئی،  لوگ تمام سیاسی اختلافات بھلا کر ان کی دین کے حوالے سے خدمات کو یاد کرنے لگے یہ ان کی شخصیت کا ہی سحر اور دین میں رچی بسی زندگی کی برکات ہی ہیں کہ میں نے سوشل میڈیا پر شدید سیاسی مخالفین جو کہ عام حالات میں ایک دوسرے کے خلاف برسرپیکار ہوتے ہیں کو ان کی یاد میں ایک ساتھ آنسو بہاتے دیکھا ، جنید جمشید کی موت بلاشبہ ایک ایسا سانحہ ایک ایسا خلا ہے، جو مستقبل قریب میں پر ہوتا نظر نہیں آتا ،

بے شک وہ لوگ قابل رشک اور خوش قسمت ہوتے ہیں جن کو لوگ ان کے اس دنیا سے رخصت ہونے کے بعد دین کی نسبت سے یاد رکھتے ہیں،  ان کا پڑھا گیا نعتیہ کلام اور حمد و ثنا ان کے لئے ضرور صدقہ جاریہ کا سبب بنے گا
اللہ تعالی ان کو جنت میں جگہ عطاء فرمائے اور ان کے درجات کو بلند فرمائے  - آمین