Monday, 9 October 2017

میرا سوہنا پاکستان

کس سے منصفی چاہیں ، کس سے فریاد کریں - شور اتنا ہے کہ کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی،  درویشی  عیاری کا روپ دھار چکی ہے ، مسیحا لٹیرے بن چکے ہیں لٹیرے مسیحائی کے دعوے کرتے پھر رہے ہیں ، علمائے دین تک مصلحت پسندی اور زاتی ایجنڈے کی تکمیل میں مذہبی اور مسلکی چورن بیچتے نظر آتے ہیں ، سر عام قتل و غارت گری کے فتوے صادر کیے جارہے ہیں. جب ملک کی مقبول اور منتخب قیادت کو کھڈے لائن لگایا جاتا ہے تو غیر ریاستی عناصر ہی سر اٹھاتے ہیں اور سیاسی خلا پیدا ہو جاتا ہے -

آئین و قانون حقیقی معنوں میں موم کی ناک بن چکے ہیں،  ہر طبقے کے لئے الگ قانون رائج ہو چکا ہے،  سیاسی جماعتیں اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لئے لوگوں کے حساس مذہبی جذبات سے  کھیل رہی ہیں جس کے بھیانک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں

احتساب کو ایک مذاق بنا کر رکھ دیا گیا ہے،  ایک ہی خاندان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہےقانون نا صرف ایک ہی خاندان پر لاگو کیا جا رہا ہے بلکہ بد ترین میڈیا ٹرائل کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے

سیاستدان اداکار اور اداکار صحافی بن چکے ہیں ، زاتی خواہشات  سچ کے رتبے پر فائز ہو چکی ہیں
شام ہوتے ہی ہر چینل اپنا اپنا سچ اپنی اپنی حب الوطنی کی تعریف،  اپنے قائم کردہ غداری کے معیارات لے کر عوام الناس کی چھاتی پر مونگ دلنے اور لوگوں کے کانوں میں زہر گھولنے آ دھمکتے ہیں

جس کو چاہے مودی کا یار اور جسے چاہے اسرائیلی اور بھارتی ایجنٹ بنا دیں کوئی پوچھنے والا کوئی باز پرس کرنے والا نہیں،  سنسنی کا چورن بیچیں اشتہارات بھی ملیں گے ریٹنگ بھی بڑھے گی،  اور اگر غلطی سے سوئی ہوئی حکومت کا حالت نزع تک پہنچا ہوا کوئی محکمہ باز پرس کی کوشش کرے تو فورا آزادی صحافت کی گردان شروع کردیں،  اتنا شور مچائیں اتنا واویلا کریں کہ کان پڑی آواز سنائی نا دے محض اپنے چینل مالکان اور ان کی سیاسی وابستگیوں کو اپنا نظریہ اور ایمان سمجھیں،  لوگوں کو نفرتوں اور کنفیوژن کے ٹیکے لگائیں اور اپنے بنک اکاؤنٹس بھریں ملکی مفاد جائے بھاڑ میں

لیکن پھر بھی ایک موہوم سی،  مدھم سی امید بہر حال موجود ہے،  ایک نیا سورج طلوع ہوگا،  آئین و قانون کی بالادستی ہوگی،  احتساب ہوگا اور سب کا ہو گا فیصلے قانون کے مطابق ہونگے قانون گھڑ کے نہیں ہونگے،  ناولوں فلموں اور افسانوں کے حوالے نہیں دیے جائینگے،  سستا اور فوری انصاف بلا تفریق سب کو حاصل ہوگا اور جدید اسلامی فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا - انشاءاللہ

Wednesday, 12 July 2017

میاں صاحب کی ڈائری 2

حالات بہت ہی نازک چل رہے ہیں نا دن کو چین ہے اور نا ہی رات کو چین ہے اور نا ہی ان دنوں یونس فین میسر ہے
بھائی شہباز بھی اکھڑے اکھڑے سے دکھتے ہیں، منہ سے بھلے کچھ نہیں کہتے اور سمائل پاس کرتے رہتے ہیں لیکن ان کی آنکھوں میں ایک ہی سوال ہوتا ہے ، بھائی جی باروں بار تنخواں پھڑدے رے او تے مینوں دسیا وی نئیں ، حد ہو گئی تواڈے والی وی

  اب میں کیا بتاتا چار بچے ہیں میرے ایک تنخواہ پر گزارہ کہاں ہوتا ہے ،   حسن بیچارہ علیحدہ کسی کونے میں منہ پر تکیہ رکھ کر روتا رہتا ہے،  خدا جانے کس منحوس چیمے کی نظر لگ گئی ہمارے ہنستے بستے خاندان کو
  اب تو نوبت یہ آن پہنچی ہے کہ باہر بیل بھی بجتی ہے تو کلیجہ منہ کو آ جاتا ہے، کانوں سے دھویں نکلنے لگتے ہیں ، جب تک چار پانچ گلاس لسی بمعہ مکھن کے پیڑے کے نہ پی لوں سکون ہی نہیں ملتا -   رات کو خواب میں بھی کالے کوٹوں والے آ کر ڈراتے ہیں
ابھی کل ہی کی بات ہے رات کا کھانا جو کہ دو کلو چھوٹے گوشت اور بارہ عدد تل والے کلچوں پر مشتمل تھا کھا کر سونے کے لئے لیٹا ہی تھا آنے والے حالات کا سوچ اس زور سے تراہ نکلا( جی ہاں تراہ ہی تھا )کہ کلثوم بیچاری باورچی خانے سے بھاگتی آئی وہ تو بھلا ہو اسکا کے مجھے دو پلیٹ نہاری اور چھے عدد مزید کلچے دیے تو میرے حواس کچھ بہتر ہوئے،  اللہ کسی دشمن کو بھی ایسے حالات سے محفوظ رکھے،  حسین منہ سے کچھ کہتا تو نہیں پر اپنے موبائل پر  " ہمیں تو اپنوں نے لوٹا غیروں میں کہاں دم تھا  " والی رنگ ٹون لگا کر گھوم رہا ہے مجھے نا چاہتے ہوئے بھی شرمندہ ہونے کی ایکٹنگ کرنی پڑتی ہے ، خیر کوئی بات نہیں وقت ایک سا نہیں رہتا جنہوں نے میرے سری پائے اور نہاری کے ڈونگے کا حساب مانگا ہے بہت جلد انہیں اپنے برگروں اور پیزوں کا حساب بھی دینا پڑے گا ، مجھے تو اپنی حیثیت اس Q Mobile  کہ سی محسوس ہو رہی ہے جو بہت سارے نئے ماڈلز کے آئی فونز میں پھنس گیا ہو،  کیا غضب کے اشتہارات بناتے ہیں Q Mobile والے کچھ دیر تو میں پانامہ شنامہ بھول ہی جاتا ہوں پھر کلثوم آ کر آنکھیں دکھاتی ہے تو کچھ ہوش آتا ہے

Wednesday, 5 July 2017

ہدایت نامہ برائے دانشور حضرات

دانشور کا تعلق خواہ کسی بھی جماعت گروہ یا فرقے سے ہو ہوتا وہ دانشور ہی ہے ، خود کو عام پبلک سے قدرے بہتر سمجھنا ہی ایک دانشور کا طرہ امتیاز ہوا کرتا ہے،  پرانے اور نئے آنے والے دانشوروں کے لئے ایک ہدایت نامہ جاری کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے چیدہ چیدہ نکات درج ذیل ہیں

1 کسی بھی موضوع پر ٹویٹ یا فیس بکی سٹیٹس اپڈیٹ کرنے کے بعد ریپلائی کرنے والے مرد و خواتین کو جواب دینے سے حتی الوسع گریز کریں

2 حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کو بھی ہلکی آنچ پر رگڑا لگاتے رہیں اسطرح عام عوام پر آپکے غیر جانبدار اور مہان شخصیت ہونے کا تاثر قائم رہے گا

کسی بھی متوقع  واقعہ،  عدالتی فیصلہ،  یا کرکٹ میچ کے حق میں  اور مخالفت میں دونوں طرح کی ٹویٹ اور سٹیٹس اپڈیٹ کر دیں اور بوقت ضرورت ایک ٹویٹ یا سٹیٹس لوگوں کو دکھا کر اپنی مستقبل بینی اور معاملہ فہمی کی دھاک بٹھا دیں

3 اپنی سالگرہ ہونے کی صورت میں تمام لوگوں کی وشز کا باری باری جواب دینے سے ہمیشہ گریز کریں بلکہ وقوعہ کے تقریبا چوبیس گھنٹے بعد ایک ٹویٹ میں ہی مصروفیت کا بہانہ بنا کر سب کا شکریہ ادا کر دیں

4 ایک ہزار سے کم فالورز رکھنے والے مرد حضرات کو منہ لگانے سے ہمیشہ گریز کریں جبکہ دو سو فالورز رکھنے والی خاتون کی گوبھی گوشت کھانے والی ٹویٹ پر نہ صرف ایموجی بنائیں بلکہ اس کو لائک بھی کریں ہو سکے تو ایک آدھا کمنٹ بھی کردیں

5 سیلیبریٹیز کو ہمیشہ ہدف تنقید بنائیں اور ان کی ہر نئے آنے والی فلم یا ڈرامے کا پرانی  فلم یا ڈرامے کے ساتھ موازنہ کرتے رہیں

6 ہمیشہ غیر معروف شعرا کے شعر ہی ٹویٹیں اس سے عام عوام کو آپ کے ادب دوست اور علم دوست ہونے کا تاثر ملتا رہے گا

6 انٹریکشن ہمیشہ اپنے ہم عصر دانشوروں سے ہی کریں اور ان کی کسی بھی عامیانہ جگت پر واشگاف الفاظ میں قہقہ لگانا نا بھولیں

7 دو یا تین بعد کافی یا بلیک کافی کی ضرورت افادیت پر ایک آدھ ٹویٹ ضرور کریں ہو سکے تو کسی بھی گورے کا فرضی نام لکھ کر اس کے ساتھ کافی پینے کا ذکر ضرور کریں

8 بیرون ملک مقیم ہونے کی صورت میں دیسی ٹویپس کو موروثی سیاست کے نقصانات سے گاہے بگاہے اگاہ کرتے رہیں

9 نیلا ٹک حاصل ہو جانے کی صورت میں اپنی کی گئی ٹویٹ یا اپڈیٹ کیے گئے سٹیٹس کو ہمیشہ حرف آخر ہی تصور کریں پھر بھی کوئی آپ کو قائل کرنے کی گستاخی کر بیٹھے تو اسے بلاک کرنے میں ہرگز دیر مت لگائیں

10 کسی بھی خاتون کی طرف سے کی گئی ٹویٹ مثلا سردرد  ، بخار  ، نزلہ و زکام پر ایلو پیتھک،  یا ہومیو پیتھک دوائی تجویز کرنا ہرگز نہ بھولیں جبک اس قسم کی مردانہ ٹویٹ کی صورت میں مذکورہ ٹویپ کو ایسی ٹویٹ کرنے پر سخت تنبیہ کریں

Saturday, 1 July 2017

بچوں کی دنیا

بھولا ایک نہایت ہی معصوم اور پیارا بچہ تھا، ہمیشہ دوسرے بچوں سے بنا کر رکھنے میں ہی عافیت سمجھتا تھا اور لڑائی جھگڑے سے دور بھاگتا تھا   لیکن  کلاس کے جو ماسٹر صاحب تھے ان کے ساتھ بھولے کی نہیں بنتی تھی

ایک دفعہ کا زکر ہے ماسٹر صاحب نے کلاس کے مانیٹر کے لئے بچوں کی رائے لینے کا فیصلہ کیا تاکہ کثرت رائے سے جماعت کے مانیٹر کا انتخاب عمل میں لایا جا سکے

بھولے نے بھی مانیٹر کے لئے ایک تجویز کنندہ اور ایک تائیڈ کنندہ کی مدد سے اپنا نام لکھوا دیا ماسٹر صاحب کو غصہ تو بہت آیا پر چار و ناچار انھیں بھولے کو انتخاب لڑنے کی اجازت دینی ہی پڑی

بلاآخر انتخاب کا دن بھی آ پہنچا،  سب بچوں نے انتہائی جوش ہو خروش سے آزادانہ،  منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخاب میں حصہ لیا،  شام چار بجے کے قریب بھولے کو اندازہ ہو گیا کہ وہ مانیٹر بن چکا ہے

اس نے اپنے ساتھیوں سے خطاب کرنا شروع کر دیا،  کچھ دیر بعد باقاعدہ اعلان بھی کر دیا گیا کہ بھولا بھاری اکثریت سے باقاعدہ طور پر مانیٹر منتخب ہو چکا ہے

  لیکن یہ بات بھولے کے ایک کلاس فیلو( جو کہ کچھ ہی دن قبل کسی دوسرے سکول سے آیا تھا)  کو سخت نا گوار گزری اس نے نا صرف انتخاب ماننے سے انکار کر دیا بلکہ اہنے دور کے عزیز پاشا انکل جو کہ ایک فرم میں سیکیورٹی گارڈ تھے کو بھی گھر سے ساتھ لے آیا چونکہ ان کے کندھے پر بندوق تھی اس کا انہوں نے خوب فائدہ اٹھایا

پوری جماعت کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں
  بہر حال ماسٹر صاحب نے بہت مشکل سے اس کی تسلی کروائی اور اس کے احتجاج کو ختم کروایا،  بھولے نے بھی شکر کا کلمہ پڑھا چلو اب کچھ سکون ہوگا کلاس میں اور سب بچے اطمینان سے پڑھ کر نہ صرف اپنی جماعت بلکہ سکول کا نام بھی روشن کریں گے ...پر کتھوں؟ 

کچھ ہی دن گزرے اس دوسرے ہم جماعت نے ایک اور منصوبہ بنا لیا ، وہ کسی طرح ماسٹر صاحب کو یقین دلانے میں کامیاب ہو گیا کہ سکول میں داخلے سے قبل بھولے کے پاس جو کھلونے تھے وہ اس کے خاندان والوں نے اسے چوری کے پیسوں سے خرید کر دیے تھے

اب ہر روز بیچارے بھولے کے گھر سے کسی نہ کسی فرد کو بلا لیا جاتا ہے اور ہر روز ایک ہی سوال پوچھا جاتا ہے کے کھلونے کہاں سے آئے؟ 
بھولا بھی سخت پریشان ہے امتحانات سر پر ہیں وہ تیاری بھی نہیں کر پا رہا نہ ہی کھیل کود میں اس کا دل لگ رہا ہے

پچھلی جماعتوں میں بھی بھولے کے ساتھ یہی ہوتا جب بھی وہ مانیٹر بنتا کوئی نہ کوئی سازش ہو جاتی

ایک دفعہ تو اسے اسکول سے بھی نکال دیا گیا تھا پھر کچھ حاجی صاحبان اور معزز لوگوں نے مداخلت کی اور وہ دوبارہ اپنے اسکول میں واپس آیا

Wednesday, 22 March 2017

سوشل میڈیا ، رہنما اصول

  1 اپنی عزت اپنے ہاتھ ہوتی ہے ، یقین کریں اگر یہ اصول سوشل میڈیا استمعال کرتے ہوئے آپ اپنے اوپر لاگو کر لیں تو سمجھ لیں آپ وقت ضائع نہیں کر رہے بلکہ اپنے فالتو وقت کو کسی تعمیری کام میں لگا رہے ہیں

2 ایسے اکاؤنٹس کو فالو کریں جن کی ٹویٹس یا پوسٹس دیکھ کر آپ کو خوشگوار احساس ہو اور آپ کچھ سیکھ بھی سکیں ، سماجی رابطوں کے فورم زومعنی گفتگو اور فحش تصویریں شئیر کرنے کے لئے نہیں بنے

3 مذہب، مسلک ،  ملک،  افواج پاکستان کا مذاق اڑانے والے اکاؤنٹس کو ہرگز فالو نہ کریں اور توہین کرنے والوں کے تو پاس سے بھی مت گزریں بلکہ ایسے اکاؤنٹس کو بلاک کردیں

4 ٹویٹس یا سٹیٹس اپڈیٹ کرتے وقت اخلاق سے گری ہوئی حرکات سے اجتناب کریں آپ تو بھول جائیں گے لیکن آپ کے اسکرین شاٹس کہیں نہ کہیں کوئی نہ کوئی محفوظ کر لے گا اور وقت آنے پر ان کا اشتہار بنا کر لگا دے گا اور آپ کے پاس سوائے شرمندگی کے کچھ بھی نہ بچے گا

5  حتی الوسیع کوشش کریں کے کسی کے ساتھ بھی مسلکی اور مذہبی بحث میں مت الجھیں

6 خواتین کا ہمیشہ احترام کریں اور ان کے ساتھ عزت سے پیش آئیں،  یاد رکھیں مائیں بہنیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں

6 اپنے نظریات سے اختلاف رکھنے والے سلجھے ہوئے لوگوں کو ضرور فالو کریں،  ایسا کرنے سے نہ صرف آپکو تصویر کے دونوں رخ دیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ بہت کچھ سیکھنے کا موقع بھی ملے گا

7 صحافیوں،  اداکاروں ، اور کھلاڑیوں کو ضرور فالو کریں لیکن ان کی ٹویٹس اور تصاویر کو کوٹ کر کے گھٹیا کمنٹس کرنے سے گریز کریں

8 کبھی بھی کسی کے ساتھ اپنی زاتی معلومات شئیر نہ کریں ، یہ سوشل میڈیا ہے اور یہاں دوستیوں کی حیثیت پانی کے بلبلے سے زیادہ نہیں ہوتی

9 کبھی بھی سوشل میڈیا کو اپنی فرسٹریشن دور کرنے کا زریعہ مت بنائیں ایسا کرنے سے لوگوں کی نظر میں آپ ہی کی اہمیت کم ہوگی اور آپ کی بات کوئی بھی توجہ سے نہیں سنے گا

10 فنون لطیفہ،  کھیل اور اسی طرح کے ہلکے پھلکے موضوعات کو موضوع گفتگو بنائیں،  اس سے آپکی شخصیت پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے،  نیز کسی کو بھی غدار یا کافر قرار دینے سے گریز کریں

Saturday, 21 January 2017

چلمن کے پیچھے چھپ کر مسکرانے والے

چلمن کے پیچھے چھپ کر مسکرانے والے
وہی انداز ہیں ظالم کے پرانے والے

ہم تو سن رہے تھے پورے انہماک کے ساتھ
خود ہی سو گئے داستان سنانے والے

آئے ہیں تو فتح کر کے ہی جائیں گے
کہاں رکتے ہیں کشتیاں جلانے والے

آندھی ہو طوفاں ہو یا کوئی اور آفت ہو
درد سمجھتے ہیں فقط آشیاں بنانے والے

ہمارا فرض ہے بناتے رہیں گے آشیانے
اپنی رسم نبھاتے رہیں بجلیاں گرانے والے

محبت کی اور ترک تعلق بھی کرنا پڑا
جب دیکھے اس کے انداز زمانے والے

اب کہ روٹھیں گے نہ خفا ہونگے کبھی
جا چکے کب سے ہمیں ہر بار منانے والے

چلی ہے رسم کے جلا دو جو بھی دل چاہے
جانے کہاں کھو گئے بستیاں بسانے والے

کون کسی کا بیٹا ہے کوئی کس کا بھائی
کب سوچتے ہیں دہشت پھیلانے والے

رونا التجا کرنا ازل سے ہی بیکار جاتا ہے
چلے جاتے ہیں ہمیشہ چھوڑ کر جانے والے

Sunday, 15 January 2017

میں بھی مسلم تو بھی مسلم

میں بھی مسلم تو بھی مسلم
ہر سو مہکتی خوشبو بھی مسلم

سحر بھی مسلم شام بھی مسلم
تسبیح و احرام بھی مسلم

دن بھی مسلم رات بھی مسلم
پیار بھری وہ بات بھی مسلم

طبلہ بھی مسلم طنبور بھی مسلم
باغی و جمہور بھی مسلم
عطر و کافور بھی مسلم
زمزم بھی مسلم کھجور بھی مسلم
پری بھی مسلم حور بھی مسلم

سر بھی مسلم تال بھی مسلم
اشفاق احمد کے اقوال بھی مسلم

قائد و اقبال بھی مسلم
غالب بھی مسلم
فیض بھی مسلم
سیب بھی مسلم آم بھی مسلم
شہزادہ گلفام بھی مسلم
پھولوں کی وہ رانی مسلم
چلتا بہتا پانی مسلم
ابو لبابہ و ہدی خوان بھی مسلم
افریقہ و عرب  بھی مسلم
بنگلہ و افغان بھی مسلم
رات کی وہ رانی مسلم
صبح کی آزان بھی مسلم
سندھی بلوچی سارے مسلم
پنجابی و پٹھان بھی مسلم
کشمیر فلسطین سارے مسلم
عافیہ و برہان بھی مسلم

پیر بھی مسلم فقیر بھی مسلم
صوفی و وجدان بھی مسلم
وہم یقین گمان بھی مسلم

مکہ و مدینہ مسلم
ہیرا و نگینہ مسلم
جینے کا قرینہ مسلم
جہلم و دینہ مسلم

حلب بھی مسلم شام بھی مسلم
عرب و عجمان بھی مسلم
آندھی و طوفان بھی مسلم
شوری کے ارکان بھی مسلم

آئین و قانون بھی مسلم
جوش و جنون بھی مسلم

نصرت کی قوالی مسلم
الطاف حسین حالی مسلم
کھیت کھلیان ہریالی مسلم
احمد شاہ ابدالی مسلم

نماز حدیث قرآن بھی مسلم
نبیوں کا فرمان بھی مسلم
طارق جمیل کا بیان بھی مسلم

سورج چاند ستارے مسلم
ندیا جھرنے دھارے مسلم
نکاح شادی چھوہارے مسلم
سورج چاند ستارے مسلم
کہکشائیں اور سیارے مسلم

مجاہدہ و مجاہد مسلم
زاہد و عابد مسلم
جمع و واحد مسلم

دشت بھی مسلم
دریا بھی مسلم
بہار خزاں ہوا بھی مسلم

تیر بھی مسلم کمان بھی مسلم
بدر کا میدان بھی مسلم

وارث شاہ کی ہیر بھی مسلم
بوسنیا و کشمیر بھی مسلم
مومن بنا شمشیر بھی مسلم
سرحد کی لکیر بھی مسلم
سوات بشام دیر بھی مسلم
شہید بے نظیر بھی مسلم