Thursday, 8 December 2016

دنیا کے اے مسافر منزل تیری قبر ہے

زبانیں کنگ اور الفاظ گم ہیں،   چترال سے اسلام آباد آنے والی فلائیٹ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گئی  ، کسی کا بھائی بچھڑ گیا تو کسی کا بیٹا،  کسی کا سہاگ اجڑ گیا تو کسی کے ماں باپ دونوں اس دنیا سے رخصت ہو گئے  طبعی اموات کتنی ہی قریبی اور آہم شخصیات کی کیوں نہ ہو صبر آ ہی جاتا ہے لیکن حادثاتی موت کسی غیر کی ہی کیوں نہ ہو دلوں کو چیر کر رکھ دیتی ہے اور حادثاتی موت بھی ایک ایسے شخص ایک ایسے مبلغ دین کی جس نے عین بام عروج پر شوبز کی چکا چوند کو خیر باد کہہ دیا،  بھرا ہوا میلہ چھوڑ دیا ،  دو دہائیوں تک عوام کے دلوں پر راج کرنے والا جنید جمشید جب ایک پاپ سنگر سے انسانیت کی فلاح والے مذہب کا داعی بن گیا تو عوام نے اسے بے پناہ پذیرائی بخشی،  اسے اپنا آئیڈیل بنایا
لوگوں کے ڈرائینگ رومز سے لے کر موبائل میں بجنے والی رنگ ٹونز اور کالر ٹونز تک جنید جمشید کی پڑھی گئیں حمد اور نعتیں ہی سنائی دینے لگیں جب ان کی اچانک موت کی خبر الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر پہنچی ہر آنکھ اشکبار ہو گئی،  لوگ تمام سیاسی اختلافات بھلا کر ان کی دین کے حوالے سے خدمات کو یاد کرنے لگے یہ ان کی شخصیت کا ہی سحر اور دین میں رچی بسی زندگی کی برکات ہی ہیں کہ میں نے سوشل میڈیا پر شدید سیاسی مخالفین جو کہ عام حالات میں ایک دوسرے کے خلاف برسرپیکار ہوتے ہیں کو ان کی یاد میں ایک ساتھ آنسو بہاتے دیکھا ، جنید جمشید کی موت بلاشبہ ایک ایسا سانحہ ایک ایسا خلا ہے، جو مستقبل قریب میں پر ہوتا نظر نہیں آتا ،

بے شک وہ لوگ قابل رشک اور خوش قسمت ہوتے ہیں جن کو لوگ ان کے اس دنیا سے رخصت ہونے کے بعد دین کی نسبت سے یاد رکھتے ہیں،  ان کا پڑھا گیا نعتیہ کلام اور حمد و ثنا ان کے لئے ضرور صدقہ جاریہ کا سبب بنے گا
اللہ تعالی ان کو جنت میں جگہ عطاء فرمائے اور ان کے درجات کو بلند فرمائے  - آمین
 

No comments:

Post a Comment