جنرل راحیل شریف نے جب آرمی چیف کی زمہ داریاں سنبھالیں تو اسے ہوا کے تازہ جھونکے سے تعبیر کیا گیا جس کی وجہ ان کا مخصوص خاندانی پس منظر تھا - اگر یہ کہا جائے کہ انہوں نے اپنے خاندانی روایات کی لاج رکھی تو یہ بالکل درست بات ہوگی، راحیل شریف کی ملازمت کے دوران ملکی حالات میں کئی اتار چڑھاؤ آئے ، کئی دفعہ حالات انتہائی انارکی کی طرف جاتے ہوئے نظر آئے، لیکن پاک فوج نے نہ صرف پروفیشنل ہونے کا ثبوت دیا بلکہ انتہائی سنجیدگی سے اپنی آئینی زمہ داریاں پوری کرتی بھی نظر آئی، جس کا کریڈٹ بلاشبہ جنرل راحیل شریف کو جاتا ہے ، جب بھی کسی جمہوری ملک میں کسی آئینی ادارے کا سربراہ اپنی مدت پوری کرنے کے بعد خوش اسلوبی سے ٹرانسفر آف پاور کا حصہ بنتا ہے تو اس کے نہ صرف موجودہ ملکی حالات پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے بھی ایک قابل تقلید مثال قائم ہوتی ہے اور دنیا میں بسنے والی دیگر اقوام کو بھی ایک مثبت پیغام جاتا ہے
پاکستان جیسے ملک میں جہاں پے در پے فوجی مداخلت کے باعث ادارے اس طرح مضبوط نہیں ہو سکے جس کا تصور مہذب دنیا میں پایا جاتا ہے ایک سبکدوش ہونے والے آرمی چیف کو اس کے شایان شان الوداع کرنا بلاشبہ ملکی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتا ہے، یہ عمل اس بات کا بھی واضح ثبوت ہے کہ یہ قوم آئین کی پاسداری کرنے والے اور اس کی رکھوالی کرنے والے پاک فوج کے بہادر افسران کو اپنے سروں کا تاج سمجھتی ہے -
جنرل راحیل شریف نے نامصائب ملکی حالات میں بالخصوص 2014 کے دھرنے کے دوران غیر جانبدار رہ کر جو نیک نامی کمائی وہ آنے والے جونئیر اور سئنیر افسران کے لئے ایک روشن باب ہے
دوران ملازمت ہی توسیع نہ لینے کا اعلان کر کے جنرل راحیل شریف نے نہ صرف یہ ثابت کیا کہ وہ ایک پروفیشنل سولجر ہیں بلکہ شخصیات کے بجائے اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں یہی رویہ قوموں کی تقدیر بنانے کا باعث بنا کرتا ہے
شکریہ راحیل شریف سے شروع ہونے والا سفر ان کے سبکدوش ہونے کے وقت تک شکریہ راحیل شریف ہی رہا جس پر نہ صرف جنرل راحیل شریف بلکہ پوری پاکستانی قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے
No comments:
Post a Comment