امریکی انتخابات پایہ تکمیل تک پہنچ گئے - ڈونلڈ ٹرمپ کسی حد تک اپ سیٹ کرنے میں کامیاب رہے لیکن اسے قطعی طور پر غیر متوقع نتیجہ نہیں قرار دیا جا سکتا، انتخابی دوڑ میں نمایاں امیدوار ہیلری کلنٹن اور ٹرمپ ہی تھے جن میں سے بہر حال ایک نے جیتنا ہی تھا ، یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ نسبتا پروگریسو ووٹر کا رجحان اور میڈیا کے بڑے دھڑے کی ہمدردیاں ہیلری کے ساتھ تھیں سیلیبرٹیز جن میں اداکار اور گلوکار شامل تھے ہیلری کلنٹن کو ہی سپورٹ کر رہے تھے -
سوشل میڈیا پر بھی ہیلری کے حامیوں کی تعداد مخالف امیدواروں سے کہیں زیادہ تھی لیکن پاکستان ہو یا دنیا کا کوئی بھی خطہ سوشل میڈیا پر مقبولیت کی بنیاد پر الیکش جیتنے کا صرف خواب ہی دیکھا جا سکتا ہے حقیقت اس سے کوسوں دور ہوتی ہے ... خاموش اکثریت نے ٹرمپ کا ساتھ دینا ہی مناسب سمجھا جس کی وجہ ڈونلڈ ٹرمپ کا خاص بیک گراؤنڈ ہے
دنیا اب بدل چکی ہے اگر یہ کہا جائے کہ عوام اب اخلاقی اقدار کے بجائے کارپوریٹ ورلڈ کے نمائندوں کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں تو کچھ ایسا غلط نہیں ہوگا، جس کی واضح مثال سنگین اخلاقی جرائم میں ملوث ہونے کے باوجود نریندر مودی کا بھارت میں انتخاب جیت کر وزیراعظم بن جانا ہے-
انتہا پسندی کا ہوا بھی صرف مسلم ممالک میں عوام کو ڈرانے کے لئے ہی ہے ورنہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی جیسے انتہا پسند نظریات کے حامل لوگوں کو عوام ووٹ دینے میں عار محسوس نہیں کرتے -
ہمارے حکمرانوں کو بھی اب معذرت خواہانہ پالیسیاں اور رویہ ترک کرنا ہوگا اور ایسا لائحہ عمل اختیار کرنا ہو گا جو معاشرے کے ہر طبقے کے جذبات کا عکاس ہو
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی یہ انتخابات نہ صرف توجہ کا مرکز رہے بلکہ میڈیا بھی بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کی عملی تصویر بنا رہا.. میڈیا کی دیوانگی کا یہ عالم تھا کہ پوری پوری رات کی ٹرانسمیشن کا اہتمام کیا گیا، کم و بیش سبھی چینل ملکی خبروں کو پس پشت ڈال کر امریکی انتخابات کی کوریج کرتے نظر آئے ، حتی کہ یہ خدشہ بھی لاحق ہو گیا تھا کہ کہیں کوئی چینل کسی امریکی ریاست کہ کسی پولنگ بوتھ سے سب سے پہلے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ سنانے کا دعویٰ ہی نہ کر دے
یہ درست ہے کہ امریکہ میں حکومت کی تبدیلی کے پوری دنیا اور بالخصوص پاکستان پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں لیکن پالیسی کے بنیادی خدوخال میں کوئی بنیادی تبدیلی رونما نہیں ہوتی جس کی وجہ پالیسی سازی میں اداروں کا کلیدی کردار ہے
دانشواران کا ایک حلقہ ایسا بھی ہے جو ٹرمپ کے جیتنے پر مستقل حالت سوگ میں ہے جیسے ہیلری کوئی مسلم یا پاکستانی امیدوار تھیں امریکی صدر کوئی بھی ہو پاکستان کے بارے میں امریکی پالیسی وہی رہے گی جو چلی آرہی ہے -
وقتی طور پر اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے لیکن یہ پالیسی کسی شخصیت کے مرہون منت نہیں ہوتی بلکہ امریکی عوام اور اشرافیہ کے مفادات کے تابع ہوتی ہے
تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں ایک حد سے زیادہ گرمجوشی نہیں پیدا ہونے دیتا جیسے ہی تعلقات میں بہتری پیدا ہونے لگتی ہے کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ ہو جاتا ہے کہ پاکستان واپس پہلے والی پوزیشن پر پہنچ جاتا ہے اس لئے بننے والی کسی بھی امریکی حکومت سے توقعات وابستہ کر لینا کسی طور بھی درست نہیں
نتائج کا اعلان ہوتے ہی سارے میڈیا میں ہیجان برپا ہو گیا - بجائے اس کے کہ نو نومبر کی مناسبت سے علامہ اقبال کے پیغام اور ان کی فکر کو اجاگر کیا جاتا تمام اینکرز حکومتی اور اپوزیشن نمائندوں کو سامنے بٹھا کر امریکی انتخابات پر گفتگو کرتے ہی نظر آئے ، خدا جانے وہ وقت کب آئے گا جب ہمارے عوام میڈیا اور حکمران انگریزوں سے خوامخواہ متاثر ہونا چھوڑ دیں گے
No comments:
Post a Comment