Saturday, 1 July 2017

بچوں کی دنیا

بھولا ایک نہایت ہی معصوم اور پیارا بچہ تھا، ہمیشہ دوسرے بچوں سے بنا کر رکھنے میں ہی عافیت سمجھتا تھا اور لڑائی جھگڑے سے دور بھاگتا تھا   لیکن  کلاس کے جو ماسٹر صاحب تھے ان کے ساتھ بھولے کی نہیں بنتی تھی

ایک دفعہ کا زکر ہے ماسٹر صاحب نے کلاس کے مانیٹر کے لئے بچوں کی رائے لینے کا فیصلہ کیا تاکہ کثرت رائے سے جماعت کے مانیٹر کا انتخاب عمل میں لایا جا سکے

بھولے نے بھی مانیٹر کے لئے ایک تجویز کنندہ اور ایک تائیڈ کنندہ کی مدد سے اپنا نام لکھوا دیا ماسٹر صاحب کو غصہ تو بہت آیا پر چار و ناچار انھیں بھولے کو انتخاب لڑنے کی اجازت دینی ہی پڑی

بلاآخر انتخاب کا دن بھی آ پہنچا،  سب بچوں نے انتہائی جوش ہو خروش سے آزادانہ،  منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخاب میں حصہ لیا،  شام چار بجے کے قریب بھولے کو اندازہ ہو گیا کہ وہ مانیٹر بن چکا ہے

اس نے اپنے ساتھیوں سے خطاب کرنا شروع کر دیا،  کچھ دیر بعد باقاعدہ اعلان بھی کر دیا گیا کہ بھولا بھاری اکثریت سے باقاعدہ طور پر مانیٹر منتخب ہو چکا ہے

  لیکن یہ بات بھولے کے ایک کلاس فیلو( جو کہ کچھ ہی دن قبل کسی دوسرے سکول سے آیا تھا)  کو سخت نا گوار گزری اس نے نا صرف انتخاب ماننے سے انکار کر دیا بلکہ اہنے دور کے عزیز پاشا انکل جو کہ ایک فرم میں سیکیورٹی گارڈ تھے کو بھی گھر سے ساتھ لے آیا چونکہ ان کے کندھے پر بندوق تھی اس کا انہوں نے خوب فائدہ اٹھایا

پوری جماعت کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں
  بہر حال ماسٹر صاحب نے بہت مشکل سے اس کی تسلی کروائی اور اس کے احتجاج کو ختم کروایا،  بھولے نے بھی شکر کا کلمہ پڑھا چلو اب کچھ سکون ہوگا کلاس میں اور سب بچے اطمینان سے پڑھ کر نہ صرف اپنی جماعت بلکہ سکول کا نام بھی روشن کریں گے ...پر کتھوں؟ 

کچھ ہی دن گزرے اس دوسرے ہم جماعت نے ایک اور منصوبہ بنا لیا ، وہ کسی طرح ماسٹر صاحب کو یقین دلانے میں کامیاب ہو گیا کہ سکول میں داخلے سے قبل بھولے کے پاس جو کھلونے تھے وہ اس کے خاندان والوں نے اسے چوری کے پیسوں سے خرید کر دیے تھے

اب ہر روز بیچارے بھولے کے گھر سے کسی نہ کسی فرد کو بلا لیا جاتا ہے اور ہر روز ایک ہی سوال پوچھا جاتا ہے کے کھلونے کہاں سے آئے؟ 
بھولا بھی سخت پریشان ہے امتحانات سر پر ہیں وہ تیاری بھی نہیں کر پا رہا نہ ہی کھیل کود میں اس کا دل لگ رہا ہے

پچھلی جماعتوں میں بھی بھولے کے ساتھ یہی ہوتا جب بھی وہ مانیٹر بنتا کوئی نہ کوئی سازش ہو جاتی

ایک دفعہ تو اسے اسکول سے بھی نکال دیا گیا تھا پھر کچھ حاجی صاحبان اور معزز لوگوں نے مداخلت کی اور وہ دوبارہ اپنے اسکول میں واپس آیا

No comments:

Post a Comment