Monday, 9 October 2017

میرا سوہنا پاکستان

کس سے منصفی چاہیں ، کس سے فریاد کریں - شور اتنا ہے کہ کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی،  درویشی  عیاری کا روپ دھار چکی ہے ، مسیحا لٹیرے بن چکے ہیں لٹیرے مسیحائی کے دعوے کرتے پھر رہے ہیں ، علمائے دین تک مصلحت پسندی اور زاتی ایجنڈے کی تکمیل میں مذہبی اور مسلکی چورن بیچتے نظر آتے ہیں ، سر عام قتل و غارت گری کے فتوے صادر کیے جارہے ہیں. جب ملک کی مقبول اور منتخب قیادت کو کھڈے لائن لگایا جاتا ہے تو غیر ریاستی عناصر ہی سر اٹھاتے ہیں اور سیاسی خلا پیدا ہو جاتا ہے -

آئین و قانون حقیقی معنوں میں موم کی ناک بن چکے ہیں،  ہر طبقے کے لئے الگ قانون رائج ہو چکا ہے،  سیاسی جماعتیں اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لئے لوگوں کے حساس مذہبی جذبات سے  کھیل رہی ہیں جس کے بھیانک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں

احتساب کو ایک مذاق بنا کر رکھ دیا گیا ہے،  ایک ہی خاندان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہےقانون نا صرف ایک ہی خاندان پر لاگو کیا جا رہا ہے بلکہ بد ترین میڈیا ٹرائل کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے

سیاستدان اداکار اور اداکار صحافی بن چکے ہیں ، زاتی خواہشات  سچ کے رتبے پر فائز ہو چکی ہیں
شام ہوتے ہی ہر چینل اپنا اپنا سچ اپنی اپنی حب الوطنی کی تعریف،  اپنے قائم کردہ غداری کے معیارات لے کر عوام الناس کی چھاتی پر مونگ دلنے اور لوگوں کے کانوں میں زہر گھولنے آ دھمکتے ہیں

جس کو چاہے مودی کا یار اور جسے چاہے اسرائیلی اور بھارتی ایجنٹ بنا دیں کوئی پوچھنے والا کوئی باز پرس کرنے والا نہیں،  سنسنی کا چورن بیچیں اشتہارات بھی ملیں گے ریٹنگ بھی بڑھے گی،  اور اگر غلطی سے سوئی ہوئی حکومت کا حالت نزع تک پہنچا ہوا کوئی محکمہ باز پرس کی کوشش کرے تو فورا آزادی صحافت کی گردان شروع کردیں،  اتنا شور مچائیں اتنا واویلا کریں کہ کان پڑی آواز سنائی نا دے محض اپنے چینل مالکان اور ان کی سیاسی وابستگیوں کو اپنا نظریہ اور ایمان سمجھیں،  لوگوں کو نفرتوں اور کنفیوژن کے ٹیکے لگائیں اور اپنے بنک اکاؤنٹس بھریں ملکی مفاد جائے بھاڑ میں

لیکن پھر بھی ایک موہوم سی،  مدھم سی امید بہر حال موجود ہے،  ایک نیا سورج طلوع ہوگا،  آئین و قانون کی بالادستی ہوگی،  احتساب ہوگا اور سب کا ہو گا فیصلے قانون کے مطابق ہونگے قانون گھڑ کے نہیں ہونگے،  ناولوں فلموں اور افسانوں کے حوالے نہیں دیے جائینگے،  سستا اور فوری انصاف بلا تفریق سب کو حاصل ہوگا اور جدید اسلامی فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا - انشاءاللہ

No comments:

Post a Comment