Monday, 10 October 2016

بے بی بھٹو زرداری کی ڈائری کا ایک ورق

صبح ہی سے طبیعت بہت بے چین تھی،ایک تو  میرا فیورٹ چینل رک رک کر آرہا تھا جس سے میرے پسندیدہ کارٹون پروگرام کا مزہ کرکرا ہوگیا تھا دوسرا کینڈی کرش کا یہ والا لیول کلیئر ہو کر ہی نہیں دے رہا تھا،اب آپ خود سوچیں اگر لیول کلئیر نہ ہوا تو میں اپنے دوستوں کو کیا منہ دکھاؤں گا - اسی سوچ میں گم تھا کہ فون کی گھنٹی بج اٹھی ، دوسری طرف خورشید شاہ انکل تھے جو کسی یوم تاسیس کا ذکر کر رہے تھے،  خدا جانے یہ اردو زبان اتنی مشکل کیوں ہے مجھے سیدھی بات سمجھ نہیں آتی اور انکل یوم تاسیس پر تقریر کرنے کا کہہ رہے تھے،  چلو تقریر تو بندہ کسی نہ کسی طرح کر ہی لے لیکن وہاں جو میوزک بج رہا ہوتا ہے اس سے میرے اندر تقریر کی جگہ کسی اور طرح پرفارم کرنے کا جذبہ جاگ اٹھتا ہے، بہر حال حامی بھرنی ہی پڑی،  اگلی کال اعتزاز احسن انکل کی تھی،  جو پتہ نہیں کسی جاسوس کے حوالے سے نواز انکل کے خلاف کوئی مذمتی بیان جاری کرنے کا کہہ رہے تھے،  اب بندہ پوچھے بھئی آپ اس جاسوس (کیا نام تھا بھلا اس کا ) ہاں کلبھوشن کے مامے لگتے ہیں جو ہر وقت پٹ سیاپا ڈالا ہوا ہوتا ہے؟  پر ڈیڈی نے بھی ان انکلز کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ویسے آپس کی بات ہے ڈیڈی اب کچھ اور کر بھی نہیں سکتے - ابھی اسی بارے میں سوچ رہا تھا کہ شیریں رحمان آنٹی کی کال آ گئی،  ان کی مجھے آج تک سمجھ نہ آ سکی،  سی ای سی کی میٹنگ میں اکثر ان کا دھیان کہیں " اور " ہی ہوتا ہے ، چلیں چھوڑیں ہم بچوں کا ایسی باتوں سے کیا لینا دینا -
اب کچھ ذکر عمران انکل کا ہو جائے،  عجیب عادتیں ہیں انکی مجھے تو کبھی کبھی لگتا ہے کہ مجھ سے کسی جونئیر کلاس کے سٹوڈنٹ ہیں،  یقین کریں اتنی بے چینی سے میں کسی کارٹون پروگرام کی اگلی ایپیسوڑ کا انتظار نہیں کرتا جس بے چینی سے عمران انکل وزیراعظم بننے کا انتظار کر رہے ہیں،  میں تو جب بھی ان کی پریس کانفرنس(جو کہ مجھے مجبورا دیکھنی پڑتی ہے).... دیکھتا ہوں تو کچھ بھی سمجھ نہ آنے کے باوجود ان کی شکل دیکھ کر ہی میرا ہاسا نکل جاتا ہے ، میں تو دوستوں کو بھی کہتا ہوں کہ ہر وقت کارٹون نیٹ ورک یا کوئی اور کارٹون چینل دیکھنے کے بجائے کسی وقت الطاف انکل یا عمران انکل کی تقریر سن لیا کریں بہت آسم فیلنگ آتی ہے

2 comments:

  1. اگر عمران کا ذکر نہ کرتے تو خاکہ زیادہ جاندار ہوتا ، خیر کوشش جاری رکھیں

    ReplyDelete
    Replies
    1. پسندیدگی کا شکریہ، آئندہ خیال رکھوں گا

      Delete