پچھلے چند سالوں کی طرح اس بار بھی اسے نمبرون قرار دیا گیا تھا، اپنے ہم عصر ساتھیوں کے گھروں میں دخل دینے میں اسے خاص ملکہ حاصل تھا،کس کی کوئی چیز کہاں پڑی ہے کون کب کہاں آتا جاتا ہے اس کی نظر سے کچھ بھی پوشیدہ نہیں تھا - اپنے کام میں مہارت کا یہ عالم تھا کہ کوئی پڑوسی کیا منصوبہ بندی کر رہا ہے اس کا شاطر زہن فوری طور پر بھانپ لیتا تھا اور ایسی منصوبہ بندی ہوتی کہ لوگوں کے کانوں سے باقاعدہ دھواں نکلنے لگ جاتا تھا، ہاں اسے اگر کچھ نہیں پتہ تھا تو وہ اپنا گھر تھا، پورے گھر میں جا بجا کوڑا کرکٹ پھیلا ہوا تھا ، ہر جگہ گندگی کے ڈھیر، ہر جگہ کیڑے مکوڑوں نے شورش برپا کر رکھی تھی، نہ مشرقی حصہ محفوظ تھا نہ مغربی، کہیں کاکروچوں نے ٹھکانے بنا رکھے تھے تو کہیں چوہوں نے نو گو ایریاز قائم کر رکھے تھے، 2 تاریخ کو تو حد ہو گئی دور کسی محلے سے چند افراد دندناتے ہوئے آئے اور اپنی مرضی کا سامان لے کر رفو چکر ہو گئے جبکہ نمبر ون صاحبہ کھسیانی سی ہنسی ہنستے ہوئے صرف اتنا کہہ کر جان چھڑا گئیں کہ سوری میں کنڈی لگانا بھول گئی اور ویسے بھی قصور ان حملہ آوروں کا تھا جنہیں کچھ تو خیال کرنا چاہیے تھا کہ کسی کے گھر میں ایسے نہیں گھستے، کہنے کو تو یہ ان کا اپنا گھر ہے لیکن باقی مکینوں کو یہ فالتو فنڈ ہی سمجھتیں ہیں، غصہ تو ان کی ناک پر دھرا رہتا ہے... زرا سی بات ہوتی نہیں کہ ان کی حساس طبیعت کی قوت برداشت جواب دے جاتی ہے... اور محترمہ مخالفین کو زدوکوپ کرنے سے بھی نہیں چوکتیں، جو چاہے ان کا حسن حکومت ساز کرے
No comments:
Post a Comment