Saturday, 15 October 2016

صحافی کی ڈائری

نوجوان نے پیکٹ میں پڑا ہوا آخری سگریٹ نکالا ، اسے سلگایا... ایک لمبا کش لیا،  ٹشو سے منہ صاف کیا اور سامنے پڑے ہوئے میز پر زوردار مکہ مارا اور تقریبا چیختے ہوئے بولا... یہاں جمہوریت نہیں چل سکتی،  میں نے بمشکل خود پر قابو پایا،  اپنی کھلی ہوئی آستین سے تقریبا بہہ نکلنے والی رال کو صاف کیا اور پوری قوت برداشت ایک نکتے پر مجتمع کرتے ہوئے جواب داغا،  کیوں؟  نوجوان غصے سے لرزنے لگا، میں سمجھ گیا اب یہ کوئی انتہائی نازیبا قسم کی گالی بکے گا ، لیکن نوجوان نے عجیب حرکت کی، وہ مسطتیل کمرے, کے چوبی فرش پر عجیب و غریب انداز میں کسی شعبدہ باز کی طرح آلتی پالتی مار کر بیٹھ گیا، میرا رنگ سبزی منڈی میں بکنے والے ٹماٹر کی طرح سرخ ہو چکا تھا، قریب تھا کہ میں نوجوان کو دولتی رسید کر دیتا نوجوان نے جیب سے ہلکے سفید رنگ کا سفوف نکالا اسے ہتھیلی پر انڈیلا اور انتہائی غصیلی آواز میں بولا،  تم جانتے ہو آج اس ملک کے پوڈریوں کو اصل ہروئین اور ٹالکم پاؤڈر کی پہچان کیوں نہیں رہی؟ میں نے سوالیہ نظروں سے اس کی طرف دیکھا... نوجوان نے لمبی سانس لی دھویں کا مرغولہ بنایا اور بولا اس کی وجہ جمہوریت ہے، اس جمہوریت نے لوگوں کو اصل اور نقل کی تمیز ہی نہیں رہنے دی، اس نام نہاد جمہوریت میں جابجا آمریت کے پیوند لگے ہیں، وزیراعظم بادشاہت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے،  یہاں حکمرانی کا واحد کرائی ٹیریا بدمعاشی اور اثر و رسوخ ہے،  غضب خدا کا جس ملک میں وزیراعظم لکھی ہوئی تقریر پڑھتا ہو، تین تین پلیٹیں آلو گوشت کی کھا جاتا ہو،  گولڈن ایمبرائیڈری کے تولیے سے منہ پونچھتا ہو اس ملک میں جمہوریت کیونکر پنپ سکتی ہے؟ جمہوریت درحقیقت وہ تھکی ہوئی شراب ہے جس کو پی کر نشہ بھی نہیں چڑھتا لیکن انسان دوسروں کو پھر بھی ٹھڈے مارنے لگتا ہے ...  یہ سننا تھا کہ میری قوت برداشت جواب دے گئی، میرے نتھنوں سے دھواں اور آنکھوں سے شعلے نکلنے لگے، میں نے نوجوان پر فیصلہ کن نظر ڈالی اور با آواز بلند اس سے مخاطب ہوتے ہوئے بولا،تم جانتے بھی ہو کس کو جمہوریت کا سبق پڑھا رہے ہو؟  میں اس ملک کا وہ صحافی ہوں جس کا کالم پڑھتے ہوئے لوگ پلکیں جھکانا بھول جاتے ہیں،  جس کا کالم پڑھتے ہوئے لوگ سوئچ میں بجائے پلگ لگانے کے اپنی انگلیاں ٹھونس دیتے ہیں،  میں اپنی فیلڈ کو وہ شاہد آفریدی ہوں جو روزانہ 37 گیندوں پر سنچری بناتا ہے اور تم مجھے یعنی مجھے جمہوریت کا سبق پڑھاؤ گے؟ میں وہ صحافی ہوں جس کی سیلفی دیکھ کر لوگ ایلفی کی طرح اسی جگہ چپک جاتے ہیں دنیا کی آدھی سے زیادہ کافی شاپس کے ویٹر مجھے براہ راست جی ہاں براہ راست میرے نام سے جانتے ہیں، میں وہ شخص ہوں جس نے سب سے پہلے وزیراعظم کے صاحبزادے کی ہر وقت وضو میں رہنے والی خبر بریک کی تھی میں ہی وہ پہلا اینکر تھا جس نے شاہزیب خانزادے جیسے زیرو واٹ کے بدمعاش کو ناکوں چنے چبوا دیے تھے ، میں ہی وہ پہلا شخص ہوں جس نے کمرے میں 16 درجے پر اے سی چلا کر  گھوڑے کی کھال سے بنے صوفے پر بیٹھ کر کیوبا کا نفیس سگار پی کر مردانہ ماحول تخلیق کرنے کا کامیاب تجربہ کیا تھا.. یہ کہہ کر میں نے میز کو ایک زوردار لات رسید کی اور کمرے سے باہر نکل آیا

3 comments:

  1. deep thinking but difficult to understand ..keep it up

    ReplyDelete
  2. deep thinking but difficult to understand ..keep it up

    ReplyDelete
  3. شکریہ، دراصل یہ ایک مشہور صحافی جاوید چودھری کی پیروڈی میں لکھی ہوئی تحریر ہے

    ReplyDelete